برسبین ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) آسٹریلیا اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ بدھ کو برسبین میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلوی ٹیم کو آئی لینڈرز کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل ہے، میزبان ٹیم نے سری لنکن ٹیم کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں بڑے مارجن 134 رنز سے شکست دی۔ اس سے قبل پرائم منسٹر الیون نے سری لنکن ٹیم کو ٹور میچ میں 1 وکٹ سے شکست دی تھی۔ آئی لینڈرز کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے آسٹریلیا میں موجود ہے۔ آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری میچ یکم نومبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔