اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا ملک کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کے حملے کا نوٹس، پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے زراعت کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد ۔ 12 نومبر (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کے حملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ کاشتکاروں کے روزگار، فصلوں اور قومی غذائی تحفظ پر اس حملے کو ناکام بنانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ منگل کو پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے زراعت کی ذیلی کمیٹی کا …

اسلام آباد ۔ 12 نومبر (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کے حملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ کاشتکاروں کے روزگار، فصلوں اور قومی غذائی تحفظ پر اس حملے کو ناکام بنانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ منگل کو پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے زراعت کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ہدایت پر منعقد ہوا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گزشتہ روز نواب محمد یوسف تالپور اور دیگر ارکان کی طرف سے اٹھائے گئے نقطہ ہائے اعتراضات پر ذیلی کمیٹی کو یہ معاملہ سپرد کیا تھا جس کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ کمیٹی کو قومی غذائی تحفظ کے وفاقی وزیر نے کرم کش ادویات کی دستیابی بھی ٹڈی دل کے حملے کے اثرات اور حکومت کی طرف سے اب تک اس حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ٹڈی دل کے حملے سے ہونے والے نقصانات ہوائی سپرے اور فنڈز کی عدم دستیابی جیسے مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹڈی دل کے حالیہ حملے سے مختلف علاقوں میں فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ وزارت قومی غذائی تحفظ کے سیکرٹری ہاشم پوپلزئی نے کمیٹی کو بتایا کہ اس طرح کہ حملہ 35 سال بعد ہوا ہے، اس کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا تاہم زمینی اور ہوائی آپریشنز کے ذریعے اس کی شدت کو کم کیا جا سکتا ہے۔ ذیلی کمیٹی کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ٹڈی دل کے حوالے سے ہونے والے آپریشنز میں مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کر رہی ہے، اب تک مختلف ذرائع سے ایک کروڑ روپے کی کرم کش ادویات خریدی جاچکی ہے۔ ذیلی کمیٹی کو بتایا گیا کہ کہ ٹڈی دل اب بلوچستان کا رخ کر رہی ہے۔ کمیٹی کے ارکان نے وزارت قومی غذائی تحفظ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس حملے کے اثرات اور شدت کو کم کرنے کے لیے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ اس ضمن میں ڈرون سمیت جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کر کے فصلوں پر سپرے کو یقینی بنایا جائے۔ سیکرٹری قومی غذائی تحفظ نے اس بات پر زور دیا کہ ضمنی بجٹ کی ذریعے جلد از جلد فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ آئندہ ایسی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے فوری اقدامات کئے جا سکیں۔ کمیٹی کے ارکان نے وزارت قومی غذائی تحفظ کو اس معاملے پر اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔

مزید خبریں