پاک جاپان بزنس فورم کے چیئرمین کی سینئر وائس چیئرمین ٹیسوا سوئیماٹسو اور دیگر فورم کے اراکین کے ہمراہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکشن سے ملاقات،

اسلام آباد ۔ 17 نومبر (اے پی پی) پاک جاپان بزنس فورم کے چیئرمین سہیل پی احمد نے سینئر وائس چیئرمین ٹیسوا سوئیماٹسو اور دیگر فورم کے اراکین کے ہمراہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکشن ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی۔ ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان کے انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے مواقعوں پر تبادلہ خیال …

اسلام آباد ۔ 17 نومبر (اے پی پی) پاک جاپان بزنس فورم کے چیئرمین سہیل پی احمد نے سینئر وائس چیئرمین ٹیسوا سوئیماٹسو اور دیگر فورم کے اراکین کے ہمراہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکشن ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی۔ ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان کے انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے مواقعوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان میں جاپان کے قونصل جنرل ٹوشیکازو آئیسومورا بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔ فورم کے چیئرمین سہیل پی احمد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوتھے صنعتی انقلاب کے دور میں جاپان جیسے ترقی یافتہ ممالک ترقی پذیر ممالک میں سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں کیونکہ ان ممالک میں مالیاتی نمو کے مواقع ہیں جنہیں ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے فروغ کے ذریعے ہی محسوس کیا جا سکتا ہے تا کہ اس سے طویل المدت فوائد حاصل کئے جا سکیں۔ انہوں نے جاپان کی سلور سوسائٹی کے امور کی بھی وضاحت کی اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان پائیدار تعاون اور ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کے ذریعے کیسے اس طرح کی مانگیں پوری کر سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے پاکستان جاپان بزنس فورم کے چیئرمین اور فورم کے دیگر اراکین کا پاکستان میں ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے درکار گفت و شنید کے آغاز پر شکریہ ادا کیا اور اس بات پر بھی غور کیا کہ ملک میں موجود ہنرمند انسانی قوت جاپان کے آئی سی ٹی کے شعبے کی ضروریات کو پورا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی ٹی کے شعبے کے محصولات جس میں ایکو سسٹم آن لائن مارکیٹ کی گنجائش بھی شامل ہے ، پہلے ہی 10ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں اور پاکستان کا فری لانسنگ نیٹ ورک دنیا کے بہترین نیٹ ورکس میں شمار ہوتا ہے۔ پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے جائزے، حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات اور آئی سی ٹی کے شعبے کو مزید مسابقتی شعبے میں ڈھالنے کے اقدامات کے حوالے سے فورم کے اراکین کو ایک تفصیلی پریذنٹیشن بھی دی گئی۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکشن کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاکستان جاپان بزنس فورم کے چیئرمین اور وائس چیئرمین نے ایسے معلوماتی سیشن کے انعقاد پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا جس سے فورم کو آئی سی ٹی کے شعبہ میں تعاون کے مواقعوں سے متعلق معلومات حاصل کرنے میں رہنمائی ملے گی۔ انہوں نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مقامی آئی سی ٹی شعبہ سے وابستہ کاروباری افراد کو آئندہ برس جاپان میں 10سے 12اپریل کو منعقد ہونے والے آئی ٹی ہفتہ میں شرکت کی دعوت دی۔

مزید خبریں