اسلام آباد ۔ 3 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اور یورپی یونین کی سطح پر روابط کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت حقیقی صلاحیت سے کم ہے، پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں فسطائی بھارتی حکومت کے ہاتھوں انسانی …
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہنگری کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر محمد اعجاز سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 3 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اور یورپی یونین کی سطح پر روابط کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت حقیقی صلاحیت سے کم ہے، پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں فسطائی بھارتی حکومت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر کبھی خاموش نہیں رہے گا اور ہمیں کشمیری بھائیوں کا ساتھ دے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں ہنگری کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر محمد اعجاز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے تمام ہائی کمشنرز اور سفراءکو مسئلہ کشمیر کا حقیقی پس منظر اور بھارتی جارحیت کو اجاگر کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری اور بالخصوص توانائی، زراعت، فوڈ پروسیسنگ اور ادویہ سازی کے شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ اس لئے نامزد سفیر کو ہنگری میں پاکستان کے اقتصادی اور تجارتی مفادات کو آگے بڑھانا چاہئے اور موجودہ ادارہ جاتی طریقہ کار کو بروئے کار لانا چاہئے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان جنوبی، وسطی اور مشرقی ایشیاءکے سنگم پر واقع ہے اور اس کا اسٹریٹجک محل وقوع بالخصوص ہنگری کی ”ایسٹرن اوپننگ“ پالیسی کے تناظر میں ہنگری کا ایک اچھا اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت دار بناتا ہے۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ ہنگری کی پٹرولیم کمپنی مول پاکستان میں منافع بخش کاروبار کر رہی ہے۔ نامزد سفیر کو ہنگری کی دیگر کمپنیوں کو بھی پاکستان میں مول کی کامیابیوں کے ماڈل پر عمل پیرا ہونے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔ سیاحت کی ترقی و فروغ اور پاکستان کے آثار قدیمہ کے ورثہ کے تحفظ کے لئے حکومت کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ سیاحت کے فروغ اور عوام کے درمیان رابطے بڑھانے کے لئے کام کرے۔ انہوں نے ہنگری کی طرف سے پاکستان کے طلباءکو 200 اسکالر شپس دینے کے عمل کو بھی سراہا۔ انہوں نے نامزد سفیر سے کہا کہ وہ پاکستانی برادری کے مسائل موثر طریقے سے حل کرنے کے لئے ان کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نامزد سفیر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لئے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔








