پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2020ء کا معاہدہ طے پاگیا وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور ان کے سعودی ہم منصب ڈاکٹر صالح بن بنتن نے معاہدے پر دستخط کئے

مکہ مکرمہ ۔ 4 دسمبر (اے پی پی) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2020ء کا معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت آئندہ سال 2 لاکھ پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے' سعودی عرب کی طرف سے وزیر مذہبی امور کی سربراہی میں پاکستانی وفد کو یقین دلایا گیا ہے کہ روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کو پاکستان کے دیگر شہروں تک توسیع دینے اور پاکستان کے …

مکہ مکرمہ ۔ 4 دسمبر (اے پی پی) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2020ء کا معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت آئندہ سال 2 لاکھ پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے’ سعودی عرب کی طرف سے وزیر مذہبی امور کی سربراہی میں پاکستانی وفد کو یقین دلایا گیا ہے کہ روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کو پاکستان کے دیگر شہروں تک توسیع دینے اور پاکستان کے حج کوٹے میں اضافہ کے حوالے سے اعلیٰ سعودی حکام سے بات کی جائے گی۔ بدھ کو یہاں حج معاہدے پر وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور ان کے سعودی ہم منصب ڈاکٹر صالح بن بنتن نے دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت دو لاکھ پاکستانی آئندہ سال فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق معاہدے سے قبل پیر نورالحق قادری کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے سعودی ہم منصب سے حج انتظامات سے متعلق مذاکرات کئے۔ پاکستانی وفد میں سیکرٹری مذہبی امور میاں مشتاق بھرانہ’ پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز’ ڈی جی حج ابرار مرزا’ ڈائریکٹر حج ساجد اسعدی بھی موجود تھے۔ سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح بن بنتن کے ہمراہ ان کے نائب وزیر حج ‘ سیکرٹری حج ‘ مسسہ’ نقابہ سیارات اور ادلہ کے سربراہ شریک ہوئے۔ حج 2020ء کے لئے حجاج کو مزید سہولیات کی فراہمی کے لئے پاکستانی وفد نے متعدد مطالبات پیش کئے۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق معاہدے میں روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی دیگر شہروں تک توسیع’ مشاعر میں اضافی سہولیات ‘ پاکستان کے حج کوٹہ میں مزید اضافہ کا سعودی حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے۔ سعودی وزیر حج نے کہا کہ منیٰ میں گنجائش کم ہے تاہم حج کوٹہ میں اضافے کی درخواست پر اعلیٰ حکام سے بات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں پاکستان کی شمولیت نہایت کامیاب رہی۔ سعودی وزیر حج نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کو پاکستان کے دیگر شہروں تک توسیع دینے کے لئے سعودی وزیر خارجہ سے بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منیٰ ‘ مزدلفہ ‘ عرفات میں شکایات کے ازالے کے لئے سعودی پاک جوائنٹ ورکنگ کمیٹی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان اور سعودی اراکین پر مشتمل دس رکنی کمیٹی مسائل کے ازالے کے لئے موقع پر احکامات جاری کرے گی۔ سعودی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ کمیٹی مشاعر میں پاکستان کی مرضی کے مطابق کھانا اور سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد حج کے لئے مختلف خدمات فراہم کرنے والے سعودی اداروں کے دفاتر کا بھی دورہ کرے گا اور اس حوالے سے معاہدات بھی کئے جائیں گے۔