وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد ۔ 12 دسمبر (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے صحرائی ٹڈی دل کے حملے کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے 459.5 ملین روپے اور کرتارپور راہداری کے تحفظ کے لئے پاکستان رینجرز کے فرسٹ سپیشل ونگ کے قیام کے لئے 300 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس جمعرات کو وزیراعظم کے مشیر …

اسلام آباد ۔ 12 دسمبر (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے صحرائی ٹڈی دل کے حملے کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے 459.5 ملین روپے اور کرتارپور راہداری کے تحفظ کے لئے پاکستان رینجرز کے فرسٹ سپیشل ونگ کے قیام کے لئے 300 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس جمعرات کو وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ ای سی سی نے وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی و ریسرچ کو آئندہ اجلاس میں ٹڈی دل کے حملے کے ضمن میں اقدامات متعلقہ علاقوں کے جائزہ، ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے سپرے اور کیڑے مار ادویات اور ملک کے مختلف حصوں میں ٹڈی دل کے حملے کے خطرات کے بارے میں ای سی سی کو بریفنگ دینے کی بھی ہدایت کی۔ ای سی سی نے صحرائی ٹڈی دل کے حملے کی ہنگامی صورتحال سے نمنٹنے کے لئے وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کی تجویز پر 459.5 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک کے 9 اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہیں اور ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن کو اس خطرے سے نمٹنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، اب تک ایک لاکھ 70 ہزار ہیکٹر اراضی کو ٹڈی دل سے پاک کر دیا گیا ہے۔ ٹڈی دل کے بارے میں وزارت کو روزانہ تازہ ترین معلومات فراہم ہو رہی ہیں۔ ای سی سی نے آئندہ اجلاس میں ٹڈی دل پر قابو پانے کے لئے ای سی سی کو بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔ ای سی سی نے پاکستان سنگل ونڈو بل 2019ء کے نفاذ کی منظوری دی جو کابینہ میں پیش کی جائے گی۔ اس بل کے نفاذ اور اطلاق سے پاکستان میں کاروبار اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ مختلف کاروبار شروع کرنے کی اجازت میں 42 حکومتی ادارے شامل ہیں۔ سنگل ونڈو کے ذریعے تجارت، کاروبار و ٹرانسپورٹ کے تمام فریق معیاری معلومات اور دستاویزات سنگل انٹری پوائنٹ کے ذریعے حاصل کر سکیں گے اور اس کے ذریعے وہ درآمدات و برآمدات و دیگر ضابطہ جاتی تقاضوں سے بہتر طریقے سے عہدہ برآہ ہو سکتے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آر کے کسٹم ونگ نے بین الاقوامی ماہرین کی مدد سے این ایس ڈبلیو روڈ میپ اور اطلاقی فریم ورک کو ڈویلپ کیا ہے۔ اس اقدام سے کاروبار میں آسانیوں کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم ہو جائے گی، یہ منصوبہ دسمبر 2021ء تک مکمل ہو گا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے انٹر سٹیٹ گیس سسٹم پرائیویٹ لمیٹڈ کے لئے گیس ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کو فنڈنگ کی سہولت مزید دو سال تک جاری رکھنے کی بھی منظوری دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ معاہدے میں یہ شق شامل کی جائے گی کہ جوں ہی انٹر سٹیٹ گیس سسٹم پرائیویٹ لمیٹڈ (آئی ایس جی ایس) کا پہلا پراجیکٹ مکمل ہو گا تو آئی ایس جی ایس مالیاتی طور پر خودکفالت حاصل کرے گا اور اس کے ساتھ ہی وہ بزنس پلان جاری کرے گا اور حاصل شدہ قرض واپس کرے گا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آئین کے آرٹیکل 156 کے تقاضوں کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کی سالانہ رپورٹ کابینہ کے سامنے پیش کرنے کی بھی منظوری دی۔ اجلاس کے صدر نشین کو بتایا گیا کہ کابینہ کے سامنے رپورٹ پیش کرنے سے قبل اٹھائے گئے تمام نکات نمٹائے گئے ہیں۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا کے تیل و گیس پیدا کرنے والے اضلاع میں گیس نیٹ ورک کی توسیع اور بحالی کی تجویز (فیز ون) کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت ضلع ہنگو کے مردان خیل تھری اور حافظ آباد کو، جو تیل و گیس کے کنوئوں سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے میں واقع ہے، کو گیس فراہم کی جائے گی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں جی ایچ کیو کی تجویز پر کرتارپور راہداری کے تحفظ کے لئے پاکستان رینجرز کے فرسٹ سپیشل ونگ کے قیام کے لئے 300 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری ڈاکٹر عشرت حسین، سیکرٹری خزانہ اور وزارت داخلہ کے نمائندہ پر مشتمل تین رکنی کمیٹی اس تجویز اور اخراجات حقیقت پسندانہ بنانے کا جائزہ لے۔

مزید خبریں