اسلام آباد ۔ 25 دسمبر (اے پی پی) یوم قائد کے موقع پر حریت کانفرنس کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر پر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی سید فخرامام تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجا ظفرالحق، پارلیمانی سیکرٹری امور کشمیر صوبیہ کمال نے بھی شرکت کی جبکہ سابق صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان و حریت کانفرنس کے قائدین کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی سید فخرامام نے کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اب کافی عرصہ بعد عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے، پچاس برس بعد یواین سکیورٹی کونسل میں ہماری بات سنی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں چین نے کھل کر ہمارے موقف کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی بنیاد ہی عدل و انصاف ہے، اس مسئلے پر حال ہی میں یو این سکیورٹی کونسل کا اجلاس ہوا اور دنیا کی طاقتور پارلیمانوں میں مسئلہ کشمیر پر بحث ہوئی، جس سے یہ مسئلہ پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مودی حکومت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، کشمیر کو خصوصی حیثیت اس وقت نہرو نے انٹرنل اریجمنٹ کے تحت دی، مودی کا یہ اقدام کشمیریوں کی نسل کشی و ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان حکومت کی جانب سے شہریت ایکٹ میں تبدیلی بھی اسی کا نتیجہ ہے۔