اسلام آباد ۔ 25 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم سواتی نے کہا ہے کہ چاہتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کے معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ ڈیڈلاک ختم ہو، حکومت نے اپوزیشن کے دیے گئے ناموں کو من وعن تسلیم کیا تاہم اپوزیشن حکومت کے دیے گئے ناموں کو قبول نہیں کر رہی، اپوزیشن اپنی مرضی کا چیف الیکشن کمشنر چاہتی ہے، اپوزیشن نے معاملہ حل نہ ہونے دیا تو عدالت سے رجوع کریں گے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا اصولی موقف ہے کہ جس شخص پر بڑے پیمانے پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات ہوں اسے اپوزیشن لیڈر نہیں ہونا چاہیے، شہباز شریف کی جگہ رانا تنویر کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ اچھا ہے، حکومت نے رانا تنویر کے پی اے سی کا چیئرمین بننے کی مخالف نہیں کی، اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ قومی مفادات کے معاملات میں اور جمہوریت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے حکومت کا ساتھ دے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اپوزیشن کے ساتھ اتفاق رائے سے آسانی سے آرمی ایکٹ میں ترمیم کر لیں گے۔