وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا چین کی سرکاری نیوز ایجنسی ”ژینوا“ اور آل میڈیا سروسز کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 26 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہم نے مل کر سی پیک سے جڑے غلط بیانیے کو شکست دینی ہے، سی پیک سے مکمل افادیت کیلئے میڈیا کا کردار کلیدی ہو گا، چینی اور پاکستانی ذرائع ابلاغ مل کر چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرنے میں اہم …

اسلام آباد ۔ 26 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہم نے مل کر سی پیک سے جڑے غلط بیانیے کو شکست دینی ہے، سی پیک سے مکمل افادیت کیلئے میڈیا کا کردار کلیدی ہو گا، چینی اور پاکستانی ذرائع ابلاغ مل کر چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، قومی مفاد کیلئے میڈیا کو مجموعی طور پر کردارادا کرنا ہو گا، ایک نادانستہ منفی خبر بھی قومی مفاد کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو چین کی سرکاری نیوز ایجنسی ”ژینوا“ آل میڈیا سروسز کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کے ذریعے پاکستان پوری دنیا سے جڑ جائے گا، سی پیک کے تحت پاکستان میں کئی منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں، سی پیک ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ سی پیک کے تحت منصوبوں سے پاکستان میں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور صنعتوں کو فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک نادانستہ منفی خبر بھی قومی مفاد کو نقصان پہنچا سکتی ہے کیونکہ ایسی خبروں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند چینی سرمایہ کار دلبرداشتہ ہوتے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ سی پیک سے مکمل افادیت کیلئے میڈیا کا کردار کلیدی ہو گا، سی پیک کے حوالے سے میڈیا کا مثبت کردار اہم ہے۔ ہم نے مل کر سی پیک سے جڑے غلط بیانیے کو شکست دینی ہے، قومی مفاد کیلئے میڈیا کو مجموعی طور پر کردا رادا کرنا ہو گا، قلم سے موثر کوئی ہتھیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہاﺅسز کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط سے چینی اور پاکستانی ذرائع ابلاغ کے درمیان تعاون مزید مستحکم ہو گا، ژینوا نیوز ایجنسی کی طرف سے اردو سروس کا آغاز سب سے زیادہ قابل تعریف ہے۔ یہ نیوز ایجنسی اردو سمیت 12 زبانوں میں سروسز فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی خبر رساں ایجنسی پاکستان میں بشمول ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی)، جنگ گروپ، نوائے وقت، انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان (آئی این پی)، ایکسپریس گروپ، ڈیلی ٹائمز، ہم نیوز اور پاکستان ٹوڈے سمیت 20 میڈیا ہاﺅسز کو سروسز فراہم کر رہا ہے۔ چینی خبر رساں ادارہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں موثر کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ پاکستان کے بارے میں اوسطاً سالانہ 1400 مثبت سٹوریز شائع کرتا ہے۔ پاکستان کے قومی مفاد کو اجاگر کرنے میں بھی اس کا اہم کردار ہے۔ سی پیک عملدرآمد کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی خبر رساں ادارہ گزشتہ 60 سال سے پاکستان سے خبروں کے اجراءمیں موثر کردار ادا کر رہا ہے۔ چین پاکستان دوستی اور باہمی تعلقات کے فروغ میں اس کا انتہائی اہم کردار ہے۔

مزید خبریں