اسلام آباد ۔ 21 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے امریکہ کی نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیاءایلس ویلز نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان میں امریکہ کے سفیر پال جونز بھی موجود تھے۔ ندیم بابر نے ایلس ویلز کو پاکستان میں توانائی کے شعبے سے کی صورتحال اور کی جانے والی حالیہ اصلاحات سے متعلق آگاہ …
معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے امریکی نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیاءایلس ویلز کی ملاقات
اسلام آباد ۔ 21 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے امریکہ کی نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیاءایلس ویلز نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان میں امریکہ کے سفیر پال جونز بھی موجود تھے۔ ندیم بابر نے ایلس ویلز کو پاکستان میں توانائی کے شعبے سے کی صورتحال اور کی جانے والی حالیہ اصلاحات سے متعلق آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں ملک میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں شیل گیس کے ذخائر کی تلاش، خصوصی تربیت، ایل این جی کے بنیادی ڈھانچے میں ترقی کے لئے سرمایہ کاری، قابل تجدید توانائی اور دیگر معاملات میں امریکہ کی طرف سے وسیع تر تعاون پر زور دیا۔ ایلس ویلز نے دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کی صورتحال اور اپنی ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے شعبے کے خصوصی حوالے سے قابل تجدید توانائی کے لئے تعاون بڑھانے پر زور دیا اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان مستقبل میں توانائی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ اور رابطے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں فریقین نے رابطے جاری رکھنے اور باہمی فائدے کے لئے تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔









