اسلام آباد ۔ 22 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر اُمور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلوانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور تمام تر حالات میں کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے، وزیراعظم عمران خان کشمیر کا مقدمہ دُنیا کے ہر فورم پر بھرپور انداز سے اٹھا رہے ہیں اور …
کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلوانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے وفاقی وزیر اُمور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 22 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر اُمور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلوانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور تمام تر حالات میں کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے، وزیراعظم عمران خان کشمیر کا مقدمہ دُنیا کے ہر فورم پر بھرپور انداز سے اٹھا رہے ہیں اور ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کی ایک بارپھر پیشکش خوش آئند ہے۔ بدھ کو وزارت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ حکومت کی سفارتی کوششوں کے باعث مسئلہ کشمیر گزشتہ چند عرصے کے اقوام متحدہ کی دوران سلامتی کونسل میں دومرتبہ زیر بحث آچکا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ملکی وغیر ملکی سطح پر کشمیر ی عوام کی حمایت کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوںنے کہاکہ اسی سلسلے میں آئندہ ماہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منائیں گے اور پوری پاکستانی قوم اندرون وبیرون ملک اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت برسر اقتدار آئی ہے تب سے اس نے مسئلہ کشمیر کو تمام عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں اُجاگر کیا ہے انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر جس قسم کی متحرک سفارت کاری اس حکومت میں کی جارہی ہے اگر گزشتہ حکومتیں بھی اس دیرینہ مسئلے کو اسی قسم کی اہمیت دیتے تو آج کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کے عظیم مقصد کو حاصل کر چکے ہوتے۔ علی امین گنڈا پور نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کے حقوق کے لیے عالمی دُنیا کے ضمیر کو جگانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا اور کسی صورت میں اپنے کشمیری بھائیوں کو انتہا پسند آر ایس ایس ہندوں کا نشانہ نہیں بننے دے گا۔ انہوںنے کہاکہ دُنیا کو اپنے ذاتی سیاسی و معاشی مفادات سے باہر نکل کر انسانی اور اخلاقی اقدار کو ترجیج دینا ہوگی ۔انہوںنے کہاکہ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ پورے بھارت میں اقلیتوں اور خصوصاً مسلمانوں کے خلاف قابل ِ مذمت امتیازی اقدامات کررہا ہے جس کا خطے کی سلامتی اور استحکام کے حوالے سے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے ۔انہوںنے زور دیا کہ عالمی دُنیا فوری طور پر بھارت کی ہندو فاشسٹ پالیسیزکا فوری نوٹس لے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے ہر سطح پر اُجاگر کررہی ہے اور اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کی اُس وقت تک سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی جب تک اُن کو حق خود ارادیت کا حق نہیں مل جاتا۔








