اسلام آباد ۔ 26 جنوری (اے پی پی) چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کہا ہے کہ بھارت دہشتگردی کا گڑھ بن چکا ہے، سیکولر جمہوری ملک ہونے کا دعویدار بھارت کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے آ چکا ہے، مقبوضہ وادی میں ہزاروں نوجوان اور مقامی سیاسی قیادت پابند سلاسل ہے لیکن بھارت ظلم و ستم سے نہتے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کو دبا نہیں …
چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام کی پی ٹی وی سے خصوصی گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 26 جنوری (اے پی پی) چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کہا ہے کہ بھارت دہشتگردی کا گڑھ بن چکا ہے، سیکولر جمہوری ملک ہونے کا دعویدار بھارت کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے آ چکا ہے، مقبوضہ وادی میں ہزاروں نوجوان اور مقامی سیاسی قیادت پابند سلاسل ہے لیکن بھارت ظلم و ستم سے نہتے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کو دبا نہیں سکتا، بھارت کے اندر ہی فاشسٹ مودی کی پالیسیوں کے خلاف قراردادیں آنا شروع ہو گئی ہیں، اب صورتحال تبدیل ہو رہی ہے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی حکومت کے اقدامات کے خلاف بھی باقاعدہ قراردادیں آنا شروع ہو جائیں گی۔ اتوار کو پی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے موثر انداز سے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا، موجودہ حکومت کی کوششوں سے دو مرتبہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل میں گیا، چین نے بھی اس حوالے سے اہم کردار ادا کیا جس پر ہم چینی حکومت کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کئی بار وزیر اعظم عمران خان سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی، حال ہی میں ورلڈ اکنامک فورم میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران بھی انہوں نے دوبارہ ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی لیکن وہ جانتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی راہ میں پاکستان نہیں بلکہ بھارت رکاوٹ ہے۔ سید فخر امام نے کہا کہ مودی سرکار کی انتہا پسند پالیسیوں کے خلاف بھارت میں اقلیتیں سراپا احتجاج ہیں، بھارتی جامعات میں کشمیریوں اور مسلم طلبہ کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھارتی حکومت کے اقدامات سے خود بھارت میں فسادات پھوٹ پڑے ہیں اور ان کے اپنے وزرائے اعلی بھی کہتے ہیں کہ وہ متنازع شہریت قانون پر کسی صورت عمل درآمد نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے، مقبوضہ وادی میں بھارتی ظلم و بربریت تسلسل کے ساتھ جاری ہے، بھارت مسلمانوں کی نسل کشی کر کے مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب بدلنا چاہتا ہے لیکن بھارت کو مظلوم کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینا ہو گا۔








