وزیر اعظم عمران خان کی پنجاب سے منتخب پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے ارکان سے گفتگو

لاہور ۔ 26 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کسی علاقے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا، ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کے لیے کوشاں رہیں، ہمارے منشور کا بنیادی عنصر کرپشن کا خاتمہ ہے،آج دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری کے حوالے سے پرکشش ملک …

لاہور ۔ 26 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کسی علاقے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا، ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کے لیے کوشاں رہیں، ہمارے منشور کا بنیادی عنصر کرپشن کا خاتمہ ہے،آج دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری کے حوالے سے پرکشش ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق اتوار کو وزیراعظم عمران خان سے پنجاب سے منتخب پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی ۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ آپ سے ملاقات کا مقصد آپ کے حلقوں میں عوام الناس کو درپیش مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے مشکلات کا ادراک اور ان کے فوری حل کے لے ہدایات جاری کرنا ہے، ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کسی علاقے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کے لیے کوشاں رہیں۔ اراکین نے اپنے متعلقہ حلقوں میں عوام کو درپیش سماجی و ترقیاتی مسائل کے حل میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے صوبائی حکومت، خصوصی طور پر انتظامیہ اور منتخب نمائندگان کے مابین ایک مربوط اور موثر مکینزم کی اہمیت پر زور دیا اور اس ضمن میں صوبائی حکومت کو ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے منشور کا بنیادی عنصر کرپشن کا خاتمہ ہے، ایک منظم مافیا معاشرے میں حکومت کے خلاف منفی تاثر کو فروغ دے رہا ہے۔ یہ وہی عناصر ہیں جو گزشتہ دہائیوں سے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے لیے عوام کو گمراہ کر رہا ہے ہیں۔ جان بوجھ کر ہر روز افراتفری کی باتیں کی جاتی ہیں تاکہ جو مثبت انتظامی تبدیلیاں ہم لے کر آ رہے ہیں ان کو ناکام بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بڑے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اور قبضہ مافیا قانون کی گرفت میں آئے ہیں۔ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہم ہرگز دباو میں نہیں آئیں گے۔ ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی کریں گے۔ ملاقات میں صوبے میں ڈویژن کی سطح پر سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے منتخب نمائندگان اور صوبائی حکومت کے درمیان مشاورت پر بھی گفتگو کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک کو تاریخی خسارے کا سامنا تھا۔ روپے کی قدر مسلسل گر رہی تھی۔ ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا ۔ الحمدللہ، آج صورتحال تبدیل ہو چکی ہے۔ روپے کی قدر میں توازن آگیا ہے۔ آج دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری کے حوالے سے پرکشش ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ڈیووس میں جس طرح ہمیں پذیرائی ملی ہے اس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔ ڈیووس میں دنیا کی بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد شریک ہوتے ہیں۔ ان سب نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع اور صلاحیت ہے۔