ملک بھر میں ہیپاٹائٹس سی پر قابو پانے کے لئے وسیع پیمانے پر اسکریننگ پروگرام شروع کیا جائیگا، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 26 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں ہیپاٹائٹس سی پر قابو پانے کے لئے وسیع پیمانے پر اسکریننگ پروگرام شروع کیا جائیگا، اس کے علاوہ عوام میں خطرے سے دوچار بیماریوں سے بچنے کیلئے آگاہی پیدا کی جائے گی، 18 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کو پبلک سیکٹر کے ہسپتالوں میں اسکریننگ …

اسلام آباد ۔ 26 جنوری (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں ہیپاٹائٹس سی پر قابو پانے کے لئے وسیع پیمانے پر اسکریننگ پروگرام شروع کیا جائیگا، اس کے علاوہ عوام میں خطرے سے دوچار بیماریوں سے بچنے کیلئے آگاہی پیدا کی جائے گی، 18 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کو پبلک سیکٹر کے ہسپتالوں میں اسکریننگ کی سہولت ہوگی اور اس منصوبے کیلئے غیرملکی بینکوں سے ڈیڑھ ارب ڈالر فنڈز فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے، امید ہے کہ 2023ء تک ہم ملک سے ہیپاٹائٹس سی کا مکمل خاتمہ کر لیں گے۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، پولیو ٹیموں کو سندھ کے دور دراز علاقوں، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو ٹیم میں شامل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ وہ دور دراز کے علاقوں میں مقیم والدین اور مقامی لوگوں کو قائل کرسکیں کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو ویکسین اور قطرے پلائیں، حکومت 2020ء کے آخر تک پولیو کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری ادویات کی فروخت کے بارے سوال کے جواب میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ معائنہ کرنے والی ٹیمیں غیرمعیاری ادویات کی تیاری پر قابو پانے کے لئے چھاپے مار رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ادویات کی تیاری اور سپلائی کو چیک کرنے کیلئے خطرات کی بنیاد پر معائنہ سسٹم متعارف کروایا گیا ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی طرف سے شروع کردہ ہیلتھ کارڈ سکیم خاموش انقلاب ہے اور اس سے معاشرے کے غریب طبقے کو مدد ملے گی۔