وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان اور معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے ملائیشیا کے ہائی کمشنر اکرام محمد ابراہیم کی ملاقات

اسلام آباد ۔ پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر اکرام محمد ابراہیم نے پیر کو یہاں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے ملاقات کی۔ ملائیشیا کے ہائی کمشنر نے انہیں وزیراعظم عمران خان کے ملائیشیا کے آئندہ دورہ کے حوالے سے وہاں پر کی جانے والی تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر توانائی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے …

اسلام آباد ۔ پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر اکرام محمد ابراہیم نے پیر کو یہاں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر سے ملاقات کی۔ ملائیشیا کے ہائی کمشنر نے انہیں وزیراعظم عمران خان کے ملائیشیا کے آئندہ دورہ کے حوالے سے وہاں پر کی جانے والی تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر توانائی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم نے کہا کہ ملک میں توانائی کے شعبہ میں آسانیاں پیدا کرنے سمیت ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ملائیشیا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کے بلاکس میں نیلامی میں حصہ لینے کی دعوت دی جس کے پہلے مرحلے میں 18 بلاکس کی نیلامی کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور ماڑی پٹرولیم کے شیئرز کے حصول میں ملائیشیا کی کمپنی پیٹرو ناس کی شمولیت کے حوالے سے بھی انہیں دعوت دی۔ انہوں نے پیٹرو ناس کو پاکستان میں ایل این جی کے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی میں بھی شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ ملائیشیا کے سرمایہ کار ایل پی جی اور ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن جیسے شعبوں میں سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ملائیشیا کے ہائی کمشنر نے پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں بالعموم اور پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں بالخصوص بہت صلاحیت ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کے مالیاتی استحکام کے ایجنڈے کی بھی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ پیٹروناس پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں اپنی مضبوط شرکت کو یقینی بنائے گی۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان اور معاون خصوصی ندیم بابر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملائیشیا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور ڈاکٹر مہاتیر محمد کا بہت احترام کرتے ہیں جو کہ سیاست میں ان کے رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات وزیراعظم عمران خان کے دورہ سے مزید مضبوط ہوں گے۔