وزیر مملکت برائے سیفران و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی سے ایرانی سفیر سیّد محمد علی حسینی کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 27 جنوری (اے پی پی) ایران کے پاکستان میں تعینات سفیر سیّد محمد علی حسینی نے وزیر مملکت برائے سیفران و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی سے ملاقات میں پیشکش کی ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ مل کر منشیات کی سمگلنگ کے خاتمہ کیلئے مشترکہ مشقوں اور تربیت کیلئے تیار ہے اور اس کےلئے اے این ایف اور ایران کی انسداد منشیات پولیس کو سونگھنے والے …

اسلام آباد ۔ 27 جنوری (اے پی پی) ایران کے پاکستان میں تعینات سفیر سیّد محمد علی حسینی نے وزیر مملکت برائے سیفران و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی سے ملاقات میں پیشکش کی ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ مل کر منشیات کی سمگلنگ کے خاتمہ کیلئے مشترکہ مشقوں اور تربیت کیلئے تیار ہے اور اس کےلئے اے این ایف اور ایران کی انسداد منشیات پولیس کو سونگھنے والے کتوں کے ساتھ مشترکہ مشقیں کرائی جا سکتی ہیں۔ اس موقع پر وزیر مملکت شہریار آفریدی نے ایران کے سفیر کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی منشیات پاکستان، ایران اور دنیا کےلئے ایک چیلنج ہیں اور ہم وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق بنی نوع انسان کو منشیات سے بچانے کےلئے جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ میں ایران اور پاکستان کے تعلقات کئی عشروں کی دوستی پر محیط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت پاکستان مسلم امہ کو متحد کرنے کےلئے کام کرتا رہے گا، مسلمانوں کو باہمی اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونا چاہئے، یہ بھی یاد رکھنا ہے کہ دنیا بھر کے مہاجرین میں سے97 فیصد مسلمان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی نئی نسل ففتھ جنریشن وار اور پروپیگنڈا کے باعث الجھن کا شکار ہے، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرنے کےلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ایرانی سفیر نے کہا کہ منشیات ایک عفریت ہے اور ہمیں بہترین طریقوں کو اپنا کر دنیا میں اپنا لوہا منوانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران علاقائی امن کےلئے وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے اور ان کی کوششوں کی مکمل حمایت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے دارالحکومتوں کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی بہت ضروری ہے اور پاکستان ایران کا واحد دوست ملک ہے جس کے دارالحکومت سے براہ راست پروازیں نہیں ہیں۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ پاکستان ایران تعلقات کی مکمل بحالی کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔