چین میں کرونا وائرس سے متاثرہ 4 پاکستانی تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں ، اب وہ خطرہ سے باہر ہیں، بیجنگ میں تعینات پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی کی ”اے پی پی“ سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی) بیجنگ میں تعینات پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی نے کہا ہے کہ چین میں کرونا وائرس سے متاثرہ 4 پاکستانی تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں اور اب وہ خطرہ سے باہر ہیں۔ جمعہ کو بیجنگ میں ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ چاروں متاثرہ پاکستانی ہسپتال میں ہیں اور تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں، ہم …

اسلام آباد ۔ 31 جنوری (اے پی پی) بیجنگ میں تعینات پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی نے کہا ہے کہ چین میں کرونا وائرس سے متاثرہ 4 پاکستانی تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں اور اب وہ خطرہ سے باہر ہیں۔ جمعہ کو بیجنگ میں ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ چاروں متاثرہ پاکستانی ہسپتال میں ہیں اور تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں، ہم مسلسل ان کی صحت کے حالات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ نغمانہ ہاشمی نے بتایا کہ چاروں پاکستان اس وقت شینژن اور گوانگ ڈونگ کے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جنہیں کرونا وائرس کے مرکزی سنٹر ووہان سے منتقل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں مکمل طبی علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور وہ جلد مکمل صحت یاب ہوں گے۔ پاکستانی طلباءاور کمیونٹی ارکان کیلئے انتظامات کے حوالہ سے سفیر نے کہا کہ اس سلسلہ میں بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانہ 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چینی وزارت خارجہ اور ہوبئی صوبائی حکام و انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطوں میں ہیں، ہم نے سفارتخانہ کے ہاٹ لائن نمبرز اور ای میلز بھی جاری کئے ہیں۔ ارومچی میں پھنسے پاکستانیوں کے حوالہ سے سفیر نے کہا کہ سفارتخانہ نے اس بات کو یقینی بنایا کہ اگلی پرواز کی دستیابی تک تمام پاکستانیوں کو ہوٹل میں رہائش اور کھانا بروقت ملے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سفیر نے کہا کہ وائرس پر قابو پانے کیلئے چینی حکومت کی کوشیں قابل تحسین ہیں۔