بچوں میں باغبانی سے لگائو پیدا کرنے کی ضرورت ہے، بلین ٹری سونامی منصوبے کا تعلق اگلی نسل سے ہے صدر مملکت عارف علوی کا ہارٹی کلچر سوسائٹی آف پاکستان کے 69 ویں فلاور شو کی افتتاحی تقریب سے خطاب

کراچی۔ 20 فروری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بچوں میں باغبانی سے لگائو پیدا کرنے کی ضرورت ہے، بلین ٹری سونامی منصوبے کا تعلق اگلی نسل سے ہے، درخت قدرت کی طرف سے ایسا کارخانہ ہے جو کاربن ڈائی اکسائیڈ گیس کو جذب کرتا ہے اور آکسیجن خارج کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اے کے خان پارک سی …

کراچی۔ 20 فروری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بچوں میں باغبانی سے لگائو پیدا کرنے کی ضرورت ہے، بلین ٹری سونامی منصوبے کا تعلق اگلی نسل سے ہے، درخت قدرت کی طرف سے ایسا کارخانہ ہے جو کاربن ڈائی اکسائیڈ گیس کو جذب کرتا ہے اور آکسیجن خارج کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اے کے خان پارک سی ویو میں ہارٹی کلچر سوسائٹی آف پاکستان کے 69 ویں فلاور شو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہارٹی کلچر سوسائٹی آف پاکستان کے چیئرمین فہیم صدیقی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ ہارٹی کلچر سوسائٹی آف پاکستان کی وائس چیئر پرسن نوشابہ خلیل نے صدر مملکت کو سوسائٹی کا میگزین پیش کیا۔ صدر مملکت نے فلاور شو کا افتتاح کیا اور مختلف اسٹالز کا دورہ کیا۔ فلاور شو 23 فروری تک جاری رہے گا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قومیں نیچے سے بنتی ہیں اور ہمیں بچپن سے ہی بچوں میں باغبانی اور پودوں سے لگائو پیدا کرنے کی ضرورت ہے جبکہ صفائی ستھرائی کے حوالے سے بھی بچوں میں آگاہی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند برس پہلے جب خیبر پختونخوا میں بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع ہوا تو ہم نے کراچی میں بھی شجر کاری کے فروغ کے لئے کام شروع کیا اور اس مقصد کے لئے ہم مختلف اسکولز کا دورہ کرتے تھے اور بچوں میں مختلف پودوں کا بیج تقسیم کرتے تھے اور انہیں پودوں کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرتے تھے جبکہ لوگوں میں مفت پودے بھی تقسیم کرتے تھے اور اس سے ایک لطف حاصل ہوتا تھا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد کتابیں پڑھنے اور باغبانی کا کام شوق سے کیا جاتا ہے لیکن باغبانی کے لئے ریٹائرمنٹ کا انتظار نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ قدرت کے ساتھ چلنے اور قدرت کی چیزیں پہچاننے میں سکون ہے اور باغبانی سے بھی سکون حاصل ہوتا ہے۔ قبل ازیں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ہارٹی کلچر سوسائٹی آف پاکستان کے چیئرمین فہم صدیقی نے فلاور شوکی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے اوپر بحیثیت چیئرمین جو ذمہ داری ہے اسے پورا کرنے کے لئے انتھک محنت کروں گا اور کوشش ہو گی کہ سوسائٹی کو اس مقام پر پہنچائوں جہاں ہم اس کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج 69 ویں فلاور شو کا افتتاح ہے اور یہ خود سوسائٹی اور اس سے منسلک افراد کی کامیابی کا ثبوت ہے کہ 69 سال سے یہ شو کامیابی کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آئندہ سال 70 ویں فلاور شو کو عالمی سطح کا شو منعقد کریں جس کے لئے ہمیں حکومتی مدد درکار ہو گی۔ انہوں نے ڈی ایچ اے اور کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کا بھی فلاور شو کے انعقاد میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں صدر مملکت نے باغبانی کے مختلف شعبوں میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے افراد کو انعامات سے بھی نوازا۔