وفاقی وزیر شفقت محمود کا مادری زبانوں کے میلے کی اختتامی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 23 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ شفقت محمود نے کہا ہے کہ مادری زبانوں کے ادبی میلے کی طرز پر جلد ہی زبانوں کی قومی کانفرنس کا اہتمام کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) میں منعقدہ پاکستان کی مادری زبانوں کے میلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے …

اسلام آباد ۔ 23 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ شفقت محمود نے کہا ہے کہ مادری زبانوں کے ادبی میلے کی طرز پر جلد ہی زبانوں کی قومی کانفرنس کا اہتمام کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) میں منعقدہ پاکستان کی مادری زبانوں کے میلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقیوزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت قومی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے پرعزم ہے، زبانوں کی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے سرکاری سکول ہوں یا نجی سطح کے سکول سب کےلئے یکساں نصاب ناگزیر ہے۔انہوں نے مادری زبان کے میلے کے کامیاب انعقاد پر انڈس کلچرل فورم اور پی این سی اے کی کوششوں کی تعریف کی جہاں پورے پاکستان سے ادیب، دانشور اور لکھاری جمع ہوئےاورمادری زبانوں کے فروغ کے لئے میلے کا حصہ بنے۔ انہوں نے مادری زبانوں کی کانفرنس کے اہتمام کی ضرورت پر زور دیا۔ پی این سی اے کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فوزیہ سعید نے اپنے اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے پی این سی اے میں منعقدہ اس میلے کے شرکاءکا خیر مقدم کیا اور فنکاروں کے فن کی داد دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے آنے والے فنکاروں نے اپنے اپنے علاقے کی زبانوں کی نمائندگی کی اور علاقائی زبانوں کے فروغ کا ایک بہترین فورم مہیا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مادری زبانوں کو قومی زبانوں کے طور پر تسلیم کئے جانے کی ضرورت ہے۔ انڈس کلچر فورم کی چیف ایگزیکٹو زبیدہ بیروانی نے میلے کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت مادری زبانوں کی دیکھ بھال کرے جس سے وفاق کو مزید تقویت ملے گی۔ اس میلے کا اختتام ممتازگلوکارہ حدیقہ کیانی کی محسور کن پرفارمنس کے ساتھ ہوا، جنہوں نے پنجابی اور پشتو سمیت مختلف زبانوں میں گیت پیش کرکے شرکاءکی داد وصول کی۔