پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، بھارت جارحانہ کارروائیوں سے ڈرا سکتا ہے نہ اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت سے دستبردار کرا سکتا ہے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور

اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے پاک فضائیہ اور افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ سال پاک فضائیہ کی لاجواب کارروائی سے نہ صرف پوری قوم کا سرفخر سے بلند ہوا بلکہ یہ بات بھی ایک بار پھر ثابت ہو گئی کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور بھارت اپنی …

اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے پاک فضائیہ اور افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ سال پاک فضائیہ کی لاجواب کارروائی سے نہ صرف پوری قوم کا سرفخر سے بلند ہوا بلکہ یہ بات بھی ایک بار پھر ثابت ہو گئی کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور بھارت اپنی جارحانہ کارروائیوں سے نہ تو پاکستان کو کسی بھی صورت میں ڈرا سکتا ہے اور نہ ہی اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت سے دستبردار کرا سکتا ہے۔ بدھ کو گذشتہ سال بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کے مؤثر اور منہ توڑ جواب کے ایک سال مکمل ہونے پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت سے کیا وعدہ سچا کر دکھایا اور اپنے خلاف مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے گذشتہ ایک سال میں جو دفاعی اور سفارتی حکمت عملی اپنائی ہے اس کی عالمی تعلقات عامہ میں ایک خاص حیثیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کے واقعات کے بعد پاکستان نے ہر موقع پر دنیا کو باور کرایا کہ پاکستان حقیقی طورپر ایک پرامن اور ترقی پسند ملک ہے جو نہ صرف خطہ میں بلکہ عالمی سطح پر بھی امن و استحکام کیلئے اپنا فعال کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی، 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی ایک بار پھر دھجیاں اُڑائیں اور بھارت میں اقلیتوں کے حقوق سلب کرنے کیلئے ہندو انتہا پسند نظریہ کے مطابق شہریت بل منظور کیا، جہاں آئے روز20 کروڑ مسلمانوں کو مسلسل تعصب اور تشدد کا نشا نہ بنایا جا رہا ہے، تو دوسری جانب پاکستان نے نہ صرف بھارت کو منہ توڑ جواب دیا بلکہ جذبہ خیرسگالی کے طور پر اس کے قید پائلٹ کو بھی واپس کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سکھ برادری کیلئے کرتارپور کوریڈور ریکارڈ ٹائم میں مکمل کرکے سکھ برادری کا دیرینہ مطالبہ بھی پورا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساتھ ہی پاکستان نے افغان امن عمل میں بھی اپنا مثبت کردار ادا کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی بہترین دفاعی اور سفارتی حکمت عملی کا ہی نتیجہ ہے کہ آج برطانیہ اور فرانس سمیت دیگر ممالک پاکستان سے متعلق اپنی ٹریول ایڈوائزری میں مثبت تبدیلیاں لا رہے ہیں، پاکستان کو سیاحت کے حوالہ سے پرکشش ملک قرار دیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دورہ پاکستان کے دوران عالمی و علاقائی امن کے قیام کیلئے پاکستان کے احسن کردار کی متعدد بار تعریف کی اوریہاں تک کہ امریکی صدر پاکستان کے احسن کردارکی تعریف بھارت کی سرزمین پر اور ہزاروں بھارتیوں کی موجودگی میں بھی کئے بغیر نہ رہ سکے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ دنیا کے سامنے پاکستان کے روشن تشخص کا اجاگر ہونا اور دوسری جانب بھارت کا دنیا کے سامنے ایک ہندو انتہاء پسند فاشسٹ ملک کے طور پر بے نقاب ہونا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین دفاعی و سفارتی حکمت عملی کے ساتھ معاشی طور پر مضبوط پاکستان سے مسئلہ کشمیر کے حل کی راہ ہموار ہو گی جس سے خطہ میں دیرپا امن کا قیام بھی یقینی ہو پائے گا۔