اوپیک کا غیر معمولی اجلاس کل شروع ،خام تیل کی طلب میں کمی روکنے بارے اقدامات پر غور ہوگا

لندن۔ 3 مارچ (اے پی پی) تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم (اوپیک ) کا دوروزہ غیر معمولی اجلاس آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں کل (جمعرات کو) ہوگا جس دوران اراکین کورونا وائرس کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی طلب میں تیزی سے ہونے والی کمی روکنے بارے اقدامات پر غور کریں گے۔فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی سربراہی میں تیل برآمد کرنے والے ملکوں …

لندن۔ 3 مارچ (اے پی پی) تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم (اوپیک ) کا دوروزہ غیر معمولی اجلاس آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں کل (جمعرات کو) ہوگا جس دوران اراکین کورونا وائرس کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی طلب میں تیزی سے ہونے والی کمی روکنے بارے اقدامات پر غور کریں گے۔فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی سربراہی میں تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم اور بشمول روس دیگر ممالک کے اس غیر معمولی اجلاس میں رکن ممالک کورونا وائرس کے باعث چین سمیت کئی ملکوں میں پیداواری و تجارتی سرگرمیاں متاثر ہونے اور اس کے باعث تیل کی عالمی مارکیٹ میں تیزی سے گرتی قیمتوں کو سنبھالا دینے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیں گے۔اس سے قبل دسمبر میں ہونے والے اوپیک و دیگر ملکوں کے اجلاس میں اراکین نے تیل کی پیداوار میں 5 لاکھ بیرل یومیہ کمی کی تجویز دی جبکہ سعودی عرب نے اپنی پیداوار رضاکارانہ طور پر مزید 4 لاکھ بیرل یومیہ کم کرنے کی پیشکش کی تھی۔پیداوار میں کمی کے اس فیصلے سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے نرخوں میں اضافہ ہوا تاہم بعد میں کورونا وائرس کے پھیلائو اور اس کے نتیجے میں بالخصوص پیداواری سرگرمیوں کی بندش سے تیل کی طلب کم ہونے پر اس کے نرخوں میں بھی تیزی سے کمی آئی ہے۔جنوری کے آغاز سے اب تک یورپ میں برنٹ نارتھ سی کروڈ اور امریکا میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے نرخوں میں 30 فیصد تک کمی آچکی ہے۔ایشیائی مارکیٹ میں منگل کو برنٹ نارتھ سی کروڈ کے نرخ 2.5 فیصد بڑھ کر 53.17 ڈالر فی بیرل جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے سودے 2.7 فیصد اضافے کے ساتھ 48.01 ڈالر فی بیرل رہے۔

مزید خبریں