سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات ،افعانستان کی تازہ صورتحال پر منعقد ہونے والے قومی مکالمہ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد ۔ 3 مارچ (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی اور انہیں امریکہ۔افغان امن معاہدہ کے بارے میں آگاہ کیا اور رواں ماہ میں اسلام آباد میں افعانستان کی تازہ صورتحال پر منعقد ہونے والے قومی مکالمہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے امن معاہدہ کو خطے میں امن اور ترقی کی راہ …

اسلام آباد ۔ 3 مارچ (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی اور انہیں امریکہ۔افغان امن معاہدہ کے بارے میں آگاہ کیا اور رواں ماہ میں اسلام آباد میں افعانستان کی تازہ صورتحال پر منعقد ہونے والے قومی مکالمہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے امن معاہدہ کو خطے میں امن اور ترقی کی راہ میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں، معاملات کو ہمیشہ گفت و شنید کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان اور خطے کے وسیع تر مفاد میں ہے، افغانستان میں امن سے ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں ہموار ہوںگی، افغان مہاجرین باعزت طور پر وطن واپس جا سکیں گے، موجودہ حکومت بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل پر یقین رکھتی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لئے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا، خطے کو جنگ کی ہولناکیوں سے بچانے کے لئے پاکستان کے کردار کی دنیا معترف ہے، امریکی صدر کا بھارت کی سرزمین پر کھڑے ہو کر پاکستان کی تعریف کرنا ہماری خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے۔ وزیر خارجہ نے اس قومی مکالمہ کے انعقاد کے لئے سپیکر کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ قومی مکالمہ امن معاہدہ کے تناظر میں ہونے والے چیلنجوں پر غور اور ان سے نمٹنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے قومی مکالمے میں تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ نے قومی مکالمے کے انعقاد میں وزارت خارجہ کے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان اور امریکہ کے مابین امن معاہدہ وزیر اعظم عمران خان کے بیانیے کی جیت ہے۔ ملاقات میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کے چیئرمین احسان ٹوانہ اور سی پیک کمیٹی کے چیئرمین شیر علی ارباب بھی موجود تھے۔