افغان مہاجرین کی رضاکارانہ وطن واپسی کو باوقار اور محفوظ بنانے کے لئے پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے ترجمان قیصر آفریدی کی ٹی وی چینل سے گفتگو

178

اسلام آباد ۔ 5 مارچ (اے پی پی) اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے افغان مہاجرین کی رضاکارانہ وطن واپسی کو باوقار اور محفوظ بنانے کے لئے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا ایک بار پھر اعادہ کیا ہے ۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران ( یو این ایچ سی آر) کے ترجمان قیصر آفریدی نے تقریباً 4 دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری سے بھی کہیں گے کہ وہ اس حوالے سے پاکستان کی مدد جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا عمل نومبر تک جاری رہے گا اور اس میں سہولت فراہم کرنے کے لئے (یو ایچ سی آر ) نے صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک رضاکارانہ وطن واپسی مرکز قائم کر دیا ہے۔ قیصر آفریدی نے کہا کہ اضا خیل میں قائم مرکز میں روزانہ 10 ہزار افغان مہاجرین کو طورخم بارڈر کے ذریعے وطن واپس جانے کی سہولت میسر ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے کوئٹہ اور نوشہرہ میں دو مراکز قائم کیے ہیں تاکہ اس عمل کو آسان بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ افغان امن معاہدہ پورے خطے کے لئے نہایت اہم ہے۔