پاکستان خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے، کشیدگی میں کمی اور تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات کے لئے پرعزم ہے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا سیمینار سے خطاب

اسلام آباد ۔ 5 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے، کشیدگی میں کمی اور تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات کے لئے پرعزم ہے، پاکستان کسی بھی علاقائی تنازعہ کا حصہ نہیں بنے گا۔ جمعرات کو یہاں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان تمام علاقائی …

اسلام آباد ۔ 5 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے، کشیدگی میں کمی اور تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات کے لئے پرعزم ہے، پاکستان کسی بھی علاقائی تنازعہ کا حصہ نہیں بنے گا۔ جمعرات کو یہاں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان تمام علاقائی تنازعات کے پر امن حل کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں اور مذاکرات ہی خطے میں امن و استحکام لانے کا واحد ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند قوم ہے اور بھارت اور افغانستان سمیت ہمسایہ ملکوں کے ساتھ پر امن تعلقات چاہتا ہے۔ بھارتی جارحیت کے حوالے سے وزیر خارجہ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی کی فاشسٹ حکومت کی جانب سے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات نے خطے میں امن و استحکام کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال فروری میں پاکستانی فورسز نے بھارتی جارحیت کا موثر جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں حالیہ تشدد نے بی جے پی حکومت کے ہندتوا نظریہ اور مسلمان مخالف نظریات کو بے نقاب کر دیا ہے۔ دوحہ مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کامیاب مذاکرات نے وزیراعظم عمران خان کے اس دیرینہ بیانیہ کو سچ ثابت کیا ہے کہ افغان تنازعہ کا فوجی حل ممکن نہیں اور یہ تنازعہ سیاسی مذاکرات سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے دور سے گزر رہے ہیں جب امن اور سکیورٹی کے چیلنج درپیش ہیں۔ پاکستان نے بھاری جانی و مالی نقصانات اٹھاتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی ہے۔ پاکستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا جبکہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں میں سفارتکاری کو پہلی دفاعی لائن کی حیثیت حاصل ہے۔ کرتارپور راہداری امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت افریقی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے۔