دنیا ماحولیاتی اہداف کو حاصل کرنے کے مقصد سے ابھی بہت دور ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

103

نیویارک۔ 11 مارچ (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے خبردار کیا ہے کہ بین الاقوامی برادری عالمی درجہ حرارت2 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم کرنے کے ماحولیاتی اہداف کو حاصل کرنے کے مقصد سے ابھی بہت دور ہے۔ یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کی ماحولیاتی رپورٹ کے جراء پر کہی ہے ۔ انہوں نے خبردارکیا کہ 2019 دوسرا گرم ترین سال ریکارڈ کیا گیاہے اور ہم اس وقت 2016 ء کے پیرس معاہدے کے تحت یعنی عالمی درجہ حرارت 1.5یا 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک کرنے کا مقصد حاصل کرنے سے دور ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی صحت اور عالمی آبادی سمیت ماحول کے تمام پہلوئوں پر اثرانداز ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں ماحولیاتی تباہ کاریوں سے بچنا ہے تو ہمارے پاس کھونے کے لیے کوئی وقت نہیں ہے اور ہمیں بروقت اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس اور ماحولیاتی تبدیلی بہت سنجیدہ مسائل ہیں جنہیں شکست دینے کی ضرورت ہے لیکن کورونا وائرس کے خلاف لڑنے پر تمام توجہ دینے کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ ہماری توجہ ماحولیاتی تبدیلی کو شکست دینے کے مقصد سے ہٹ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے نقصان دہ گیسوں کے اخراج میں کمی ہوئی ہے کیونکہ وائرس کے باعث کاروباری سرگرمیاں بند ہیں اور لوگوں کی آمدورفت میں کمی ہوئی ہے لیکن یہ حقیقی کمی نہیں ہے لہذا ہم وائرس کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف نہیں لڑ سکتے ہمیں مجموعی طور پر ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات کرنا ہوں گے۔ اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارہ ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل پٹیری تالس نے سٹیٹ آف دی گلوبل کلائمیٹ پر 2019 ء کی شائع کی گئی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ 2019 دوسرا گرم ترین سال ہونے کے بعد گرین ہائوس گیس کے اخراج میں اضافہ اسی طرح جاری رہا تو گرم ترین موسم کا سامنا کرنا پڑے گا اور عشرہ بھر کی حالیہ پیشن گوئی سے ظاہر ہوتا ہے کہ آئندہ 5 سالوں میں عالمی سطح پر درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ متوقع ہے۔