اسلام آباد ۔ 25 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث دنیا بھر کی ہوا بازی کی صنعت کو بے پناہ نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے، اسی طرح قومی ایئر لائن پی آئی اے کو 25 مارچ تک 4 ارب روپے کا خسارہ ہوا ہے، مارچ کے مہینے کیلئے پی آئی اے کا خسارہ 6 ارب روپے تک پہنچنے کا خدشہ ہے جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو یکم سے 15 مارچ کے عرصہ میں 600 ملین روپے کا نقصان اٹھانا پڑا جس کے بڑھنے کا امکان ہے۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں وزیر ہوا بازی نے کہا کہ پی آئی اے نے سعودی عرب عمرہ کی ادائیگی کیلئے گئے 8824 پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے 27 خصوصی پروازوں کا اہتمام کیا جبکہ کورونا کے درکار منفی ٹیسٹ کے باوجود وطن واپسی کے منتظر 40 پاکستانیوں کو دوحہ اور 100 پاکستانیوں کو دبئی سے وطن واپس لایا گیا۔ غلام سرور خان نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی مشکل معاشی حالات کا سامنا کر رہا ہے اور اب کورونا نے بھاری نقصانات سے دوچار کیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سمیت معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں موجودہ حکومت کا ساتھ دیں جس نے دنیا کی مضبوط معیشتوں پر بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اعلان کردہ معاشی ریلیف پیکیج کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کٹھن حالات میں بھی حکومت پاکستان نے عوام کو بڑا ریلیف دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست اثر افراط زر پر پڑے گا اور عام آدمی کو فوری ریلیف ملے گا۔