تبلیغی جماعت، زائرین اور بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے قائم کی گئی پارلیمانی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد ۔ 9 اپریل (اے پی پی) تبلیغی جماعت، زائرین اور بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے قائم کی گئی پارلیمانی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی برائے مسائل تبلیغی جماعت کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت کنوینئر شہریار خان آفریدی نے کی۔ کمیٹی کو زائرین اور احساس پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی کے کنوینئر شہریار آفریدی نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت …

اسلام آباد ۔ 9 اپریل (اے پی پی) تبلیغی جماعت، زائرین اور بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے قائم کی گئی پارلیمانی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی برائے مسائل تبلیغی جماعت کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت کنوینئر شہریار خان آفریدی نے کی۔ کمیٹی کو زائرین اور احساس پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی کے کنوینئر شہریار آفریدی نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت مستحق افراد میں رقم کی ادائیگی جمعہ سے شروع ہو گی۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ 12 ہزار روپے ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں میں 6 مراحل سے تصدیق کے بعد تقسیم کئے جائیں گے۔ رقم کی تقسیم بائیو میٹرک سسٹم سے تصدیق کے بعد ہو گی تاکہ صرف مستحقین ہی امداد حاصل کر سکیں۔ کنوینئر کمیٹی نے کہا کہ ہم نے کمیٹی کے اجلاسوں کو غیر سیاسی رکھا، کورونا کو مذہبی گروہوں سے جوڑنا مناسب نہیں، زائرین کے مسائل سے آگاہ ہیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے کوششیں کر رہے ہیں جبکہ اس کمیٹی کا قیام اسی کوشش کی کڑی ہے۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ سب کمیٹی کی دوسری میٹنگ ہے۔ ایران، عراق، شام، سعودی عرب یا دنیا بھر میں کہیں بھی موجود ہوں، ان کی وطن واپسی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے زائرین کی تمام تفصیلات دو روز میں جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ کمیٹی کو پاکستان میں کورینٹائن میں رکھے گئے زائرین کے مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ درخواست کی گئی کہ انتظامیہ ایس او پیز کو یقینی بنائے تاکہ کورینٹائن میں اکٹھے رہنے سے صحت مند لوگ بھی کورونا وائرس کا شکار نہ ہو جائیں۔ صوبائی حکومتوں کو ہنگامی بنیادوں پر قرنطینہ سینٹرز میں فوری طور پر ٹیسٹنگ کٹس فراہم کرنے کی ہدایت دیدی گئی ہیں، منفی رزلٹ والے افراد اور کورینٹائن کی مدت پوری کرنے والے افراد کو گھروں کو بھیجا جائے۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ زائرین، تبلیغی جماعت، غیر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو وطن واپس لانا مشن ہے، بیرون ملک جیلوں میں پھنسے قیدیوں، بیرون ملک پاکستانی طلباء اور روزگار کمانے والوں کے بارے میں حکومت یونیفارم پالیسی بن ارہی ہے، غیر ممالک سے آنے والوں کو حکومتی ایس او پیز کو فالو کرنا ہو گا۔ کمیٹی اسلام آباد کے علاوہ دوسرے ایئرپورٹ استعمال کرنے کے آپشن پر غور کر رہی ہے۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ کورینٹائن کیمپوں میں مقیم پاکستانیوں کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے خوراک اور دیگر اشیاء ضرورت کی فراہمی کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔