کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے حوالے سے پاکستان میں حالات دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں قابو میں ہیں، وزیراعظم عمران خان کا نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے حوالے سے پاکستان میں حالات دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں قابو میں ہیں، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور عوام میں اعتماد پیدا کرنے سے صورتحال میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے، عوام اگر کورونا وائرس کی علامات محسوس کریں تو فوری اور بلا خوف ٹیسٹ کے لئے رجوع …

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے حوالے سے پاکستان میں حالات دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں قابو میں ہیں، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور عوام میں اعتماد پیدا کرنے سے صورتحال میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے، عوام اگر کورونا وائرس کی علامات محسوس کریں تو فوری اور بلا خوف ٹیسٹ کے لئے رجوع کریں۔ عوام میں آگاہی مہم شروع کرنے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئیں اور اس حوالے سے جلد ایک حکمت عملی وضع کی جائے۔ یہ بات ہفتہ کو وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیئرمین نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس ڈاکٹر نوشیروان برکی، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر صحت خیبر پختونخواہ تیمور سلیم جھگڑا اور سینئر افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کوویڈ19 ڈاکٹر فیصل بھی اجلاس میں شریک تھے۔ صوبائی وزراءصحت نے اپنے صوبوں میں کورونا وائرس کی صورتحال، ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال، ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت و سہولت کے اقدامات، کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافے کے حوالے سے شرکاءکو آگاہ کیا۔ وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کوویڈ19 ڈاکٹر فیصل نے ملک کے مختلف صوبوں اور علاقوں میں کورونا وائرس کے متاثرین کے اعدادوشمار، شرح اموات، کیسز کے تناسب کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان دوسرے ممالک کی نسبت کورونا وائرس سے کم متاثر ہوا ہے۔ شرکاءکو آگاہ کیا گیا کہ مارچ کی نسبت کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ لیبز کی تعداد کو 4 سے بڑھا کر 63 تک لے جایا جا چکا ہے۔ صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہوم قرنطینہ کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کہ اس حوالے سے جلد باضابطہ لائحہ عمل کا اعلان کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے عوام الناس میں بھرپور آگاہی اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بحیثیت فرد اور بحیثیت ذمہ دار شہری، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اگر کوئی فرد کورونا وائرس سے متاثر ہو گیا ہے تو اس کے ساتھ نہایت ذمہ داری سے پیش آئیں۔ وزیراعظم نے کورونا وائرس کے متاثرین کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھنے کے واقعات کی رپورٹ کے حوالے سے نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ طرز عمل ناقابل برداشت ہے اور خوف کا موجب بنتا ہے۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اگر کوروناوائرس کی علامات محسوس کریں تو فوری اور بلا خوف ٹیسٹ کے لیے رجوع کریں۔ اس ضمن میں عوام میں غیر ضروری ہچکچاہٹ اور خوف کے تاثر کو زائل کرنے کے حوالے سے وزیر اعظم نے ایک جامع اور بھرپور عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا اور اس حوالے سے جلد ایک مربوط حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے دوسرے ممالک کی نسبت پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی کم شرح کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ابھی پاکستان میں حالات دنیا کے دوسرے ممالک کی نسبت قابو میں ہیں۔ حفاظتی تدابیر اختیار کرنے اور عوام میں اعتماد اجاگر کرنے سے صورتحال میں نمایاں بہتری آسکتی ہے۔