وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی وفاقی وزیر سیّد علی حیدر زیدی سے ملاقات

اسلام آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے وفاقی وزیر بحری امور سیّد علی حیدر زیدی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں انہیں وزارت بحری امور کے عوامی فلاح کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزارت بحری امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بدھ کو سینیٹر شبلی فراز نے وفاقی وزیر بحری امور علی …

اسلام آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے وفاقی وزیر بحری امور سیّد علی حیدر زیدی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں انہیں وزارت بحری امور کے عوامی فلاح کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزارت بحری امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بدھ کو سینیٹر شبلی فراز نے وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں کورونا وباءکے دوران بندرگاہوں کے بلاتعطل آپریشنز پر انہیں بریفنگ دی گئی۔ وفاقی علی حیدر زیدی نے وفاقی وزیر اطلاعات کو اپنی وزارت کی کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا کہ مارچ کے مہینے میں پورٹ قاسم میں ریکارڈ 140جہاز لنگر انداز ہوئے جبکہ خطہ کی باقی بندرگاہیں بند ہو رہی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وباءکے دوران وزارت بحری امور کی جانب سے پورٹ پر موجود مزدوروں کو دو ماہ کی تنخواہ کے ساتھ چھٹی پر بھیجا گیا جبکہ پورٹ پر عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق تمام ایس او پیز کا اطلاق کیا گیا ۔ وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کراچی پورٹ پر امپورٹرز اور ایکسپورٹرز کو کورونا وباءکے دوران سہولیات کی فراہمی کےلئے ڈیمرج فری ٹائم کو 15 دن تک بڑھانے پر وزارت بحری امور کے اس اقدام کو سراہا۔ ملاقات کے دوران سینیٹر شبلی فراز کو وزارت بحری امور کے خصوصی شکایتی سیل اور ای فائلنگ سسٹم کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا ۔