اسلام آباد ۔ 15 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت گزشتہ پانچ ہفتوں میں 85 لاکھ خاندانوں میں 104 ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں اور رقم کی تقسیم کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ جمعہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران تفصیلات …
احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 85 لاکھ خاندانوں میں 104 ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں، احساس کیش پروگرام کی کیٹگری فور کے تحت نوکریوں سے محروم ہونے والوں کی امداد کی جائے گی،معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 15 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت گزشتہ پانچ ہفتوں میں 85 لاکھ خاندانوں میں 104 ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں اور رقم کی تقسیم کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ جمعہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران تفصیلات بتاتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ پیر سے احساس کیش پروگرام کی کیٹگری فور کا آغاز کر رہے ہیں، اس کیٹگری کی تحت نوکریوں سے محروم ہونے والوں کی امداد کی جائے گی، وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ کیلئے اب تک 34 لاکھ تک درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، اگلے 10 دن یہ پورٹل کھلا رہے گا، مزید لوگ بھی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ پیر کو وزیراعظم خود ان میں سے پہلے کچھ لوگوں میں رقم تقسیم کریں گے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کو کامیاب بنانے میں تمام وزارتوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا، یقیناً یہ مشکل کام تھا لیکن اللہ تعالیٰ نے ہمیں کامیاب کیا اور ہم نے ایک کامیاب پروگرام کے ذریعہ مستحقین تک امدادی رقم پہنچائی اس کا سہرا حکومت کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کو شفاف بنانے کیلئے ترجیح بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کئے گئے اور ملک بھر میں موجود مستحقین تک امدادی رقم پہنچائی گئی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ حکومت نے مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ کیلئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام شروع کیا، ان میں دیہاڑی دار مزدور، ٹھیلے والے، لوگوں کے گھروں میں کام کرنے والے، ہوٹلوں اور دکانوں پر مزدوری کرنے والے افراد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کو تین کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا تھا۔ پہلی کفالت پروگرام والی خواتین تھیں جس کے تحت اب تک 44 لاکھ خاندانوں میں رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔ دوسری کیٹگری میں 8171 پر میسج کرنے والے افراد شامل ہیں۔ اس کیٹگری کے تحت 30 لاکھ خاندانوں میں امداد تقسیم کی جا چکی ہے جبکہ تیسری کیٹگری جس کی نشاندہی ضلعی انتظامیہ کر رہی ہے اس کے تحت اب تک 10 لاکھ افراد میں رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔ ویب پورٹل پر تحصیل کی سطح تک رقم کی تفصیلات کو جاری کر دیا جاتا ہے۔ ملک بھر میں رقم کی ترسیل کا سلسلہ جاری ہے اور ایک کروڑ 20 لاکھ لوگوں میں 144 ارب روپے تقسیم کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کیلئے پیر کا دن انتہائی اہم ہے کیونکہ اس دن نہ صرف یہ کہ وزیراعظم کورونا ریلیف امداد کے تحت احساس کیش پروگرام کی کیٹگری فور میں امداد کا سلسلہ شروع کیا جائے گا بلکہ اس دن8171 پر ایس ایم ایس کرنے والے افراد کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی اور وہ لوگ جن کو اب تک 8171 پر حتمی ایس ایم ایس نہیں آیا، انہیں یہ میسج کر دیا جائے گا۔ اسی طرح جن لوگوں کو بائیومیٹرک میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، اس معاملہ کو بھی حل کر لیا گیا ہے اور اس کی تفصیلات سے بھی سب کو آگاہ کر دیا جائے گا۔ جن خاندانوں کے سربراہ وفات پا چکے ہیں ان کیلئے بھی امداد حاصل کرنے کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے اور اس حوالہ سے نادرا کے دفاتر کھول دیئے گئے ہیں۔ اس حوالہ سے بھی پیر کو تمام طریقہ کار سب کو بتا دیا جائے گا جس کے ذریعہ وہ مستحقین امداد حاصل کر سکیں گے۔







