اسلام آباد ۔ 2 جون (اے پی پی) پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کی جانب سے ایک ہی دن میں 13 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی ہے اور جعلی مقابلوں اور نام نہاد ”انسداد دراندازی“ آپریشنز میں کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل عام پر شدید تشویش کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو کشمیریوں کے …
عالمی برادری بھارت کو سنگین جرائم کے ارتکاب سے روکنے کےلئے فوری اقدامات اٹھائے، ترجمان دفتر خارجہ

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 2 جون (اے پی پی) پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کی جانب سے ایک ہی دن میں 13 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی ہے اور جعلی مقابلوں اور نام نہاد ”انسداد دراندازی“ آپریشنز میں کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل عام پر شدید تشویش کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم کے ارتکاب سے روکنے کےلئے فوری اقدامات اٹھائے اور بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے متعلقہ کنونشنز کے تحت اس کا احتساب کیا جائے۔ منگل کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں اور نام نہاد ”انسداد دراندازی“ آپریشنز میں کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل پر شدید تشویش ہے، ایسے وقت میں جب کہ عالمی برادری کووڈ۔19 کے وبائی مرض سے نمٹنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہے تو دوسری طرف بھارت نے کشمیری عوام کے خلاف اپنی بربریت کو مزید تیز کر دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ایک ہی دن میں 13 کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل بھارتی حکومت کے انسانیت کے خلاف جاری جرائم کا واضح ثبوت ہے۔ اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کےلئے بھارتی حکام اکثر کشمیری مزاحمت کاروں کی ”تربیت“ اور ”دراندازی“ کے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کا استعمال کرتے ہیں۔ ہندوستان کو یہ سمجھنا چاہئے کہ اس کے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے پر عالمی برادری کو کوئی اعتبار نہیں رہا ہے۔ آر ایس ایس۔بی جے پی اتحاد نے غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات اور انتہا پسند ”ہندوتوا“ ایجنڈے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کو سمجھنا چاہئے کہ نہ تو اس کی بربریت کشمیری عوام کے عزم کو توڑ سکتی ہے اور نہ ہی اس کا پاکستان مخالف پروپیگنڈا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی توجہ ہٹا سکتا ہے۔ ہر کشمیری کی شہادت کشمیریوں کے بھارتی قبضہ سے آزادی کے عزم کو مزید تقویت بخشے گی اور کشمیری کبھی بھی سلامتی کونسل کے متعلقہ قراردادوں کے مطابق اپنے اپنا حق خودارادیت سے دستبردار نہیں ہوں گے اور پاکستانی قیادت اور عوام آزادی کے حصول تک کشمیریوں کی مکمل حمایت کے جاری رکھیں گے۔








