جنرل ہسپتال لاہور کے شعبہ نفسیاتی امراض میں جدید سہولیات سے آراستہ کونسلنگ ہال کا باقاعدہ افتتاح پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کر دیا
گروپ تھراپی اور آکیوپیشنل تھراپی کے ذریعے مریضوں کی سماجی اور ذہنی صلاحیتوں کو بحال کرنا لازمی ہے، پروفیسر فاروق افضل

مزید خبریں
لاہور۔4ستمبر (اے پی پی):جنرل ہسپتال لاہور کے شعبہ نفسیاتی امراض میں جدید سہولیات سے آراستہ کونسلنگ ہال کا باقاعدہ افتتاح پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کر دیا۔ہال کو معروف ماہرِ نفسیات پروفیسر الطاف قادر کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ مریضوں کی مکمل شفایابی صرف ادویات اور طبی معائنے تک محدود نہیں ہوتی بلکہ نفسیاتی اور عملی بحالی بھی اتنی ہی ضروری ہے۔انہوں نے زور دیا کہ ذہنی صحت کے تحفظ کے لیے صرف ادویات پر انحصار کرنے کے بجائے گروپ تھراپی اور آکیوپیشنل تھراپی کے ذریعے مریضوں کی سماجی اور ذہنی صلاحیتوں کو بحال کرنا لازمی ہے تاکہ وہ معاشرے کا مفید اور فعال حصہ بن سکیں۔
پرنسپل نے کہاکہ یہ کونسلنگ ہال گروپ تھراپی اور آکیوپیشنل تھراپی کے لیے ایک مخصوص اور جدید علاج گاہ کے طور پر خدمات انجام دے گا جس سے مریضوں کی بحالی کا عمل مزید تیز ہو جائے گا۔افتتاحی تقریب میں ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ شعبہ نفسیاتی امراض پروفیسر فائزہ اطہر، پروفیسر الطاف قادر، پروفیسر فہیم، ڈاکٹر ماہین رضوان، ڈاکٹر رافع بخاری، ڈاکٹر عاصمہ گل، مس عالیہ صدف کے علاوہ ہیلتھ پروفیشنلز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سربراہ شعبہ نفسیات پروفیسر فائزہ اطہر نے کہا کہ پروفیسر الطاف قادر کونسلنگ ہال کے قیام سے ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو جدید کونسلنگ اور تھراپی کی سہولیات میسر آئیں گی،اس سے نہ صرف مریضوں کی انفرادی بحالی ممکن ہوگی بلکہ معاشرتی سطح پر بھی ذہنی صحت کے حوالے سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔اس موقع پر ڈاکٹرز نے کہا کہ جدید کونسلنگ ہال کے ذریعے مریضوں کو نہ صرف بہتر علاج میسر آئے گا بلکہ ذہنی صحت کے بارے میں معاشرے میں آگاہی بھی بڑھے گی،جو مستقبل میں مزید مثبت تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔








