وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان کا قومی اسمبلی میں پالیسی بیان

اسلام آباد ۔ 8 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ملک میں پٹرول‘ ڈیزل اور مٹی کے تیل کے وافر ذخائر موجود ہیں‘ عوام ہرگز عجلت میں خریداری نہ کرے‘ وزیراعظم عمران خان نے مافیاز کے خلاف علم اٹھایا ہے‘ ہم ان مافیاز کی کمر توڑیں گے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت …

اسلام آباد ۔ 8 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ملک میں پٹرول‘ ڈیزل اور مٹی کے تیل کے وافر ذخائر موجود ہیں‘ عوام ہرگز عجلت میں خریداری نہ کرے‘ وزیراعظم عمران خان نے مافیاز کے خلاف علم اٹھایا ہے‘ ہم ان مافیاز کی کمر توڑیں گے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے پٹرولیم کی قیمتوں میں تاریخی کمی کی ہے۔ حکومت مافیاز کے خلاف برسرپیکار ہے۔ وہ لوگ منافع خوری کے لئے اپنی جیبیں بھرنا چاہتے ہیں اور انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کی ہے۔ عمر ایوب نے کہا کہ پٹرول کے اس وقت بھی ملک میں دس دن کے ذخائر موجود ہیں۔ آئندہ 48 سے 72 گھنٹوں میں 45 ہزار میٹرک ٹن پٹرولیم مصنوعات کے جہاز لنگرانداز ہوں گے اور تمام آئل ریفائنریز نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ کسی پٹرول پمپ کو خشک نہیں ہونے دیں گے۔ ہم نے اوگرا کے ذریعے پٹرول فراہم نہ کرنے والے پٹرول پمپوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ جو پٹرول پمپ پٹرول ہونے کے باوجود عوام کو پٹرول نہیں بیچ رہے انہیں سیل کردیا جائے۔ ملک میں ایسے پانچ فیصد پٹرول پمپس ہیں جو ایسا کر رہے ہیں وہ ہماری نظر میں ہیں اور ہم نے ان پٹرول پمپوں کی کمپنیوں سے بھی کہا ہے کہ انہیں پٹرول فراہم کیا جائے ورنہ ان کمپنیوں کے لائسنس بھی منسوخ کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے واضح انداز میں قومی اسمبلی کو یقین دلایا کہ پٹرول‘ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی ملک میں بالکل بھی کمی نہیں ہے۔ عوام عجلت میں آکر خریداری نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مافیاز کے خلاف الم اٹھایا ہے۔ ہم ان مافیاز کی کمر توڑ کر رہیں گے۔