اسلام آباد ۔ 11 جون (اے پی پی) پاکستان ریلوے کی مجموعی آمدنی میں مالی سال 2020 کے پہلے 8 ماہ جولائی سے فروری کے دوران 8.4 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ، اس مدت کے دوران 36916.85 ملین آمدن حاصل ہوئی،گذشتہ سال اسی مدت کے دوران 34066.12 ملین روپے آمدن حاصل ہوئی تھی۔ جمعرات کو یہاں جاری معاشی سروے 2020 کے مطابق جولائی سے فروری مالی سال 2020 کے …
پاکستان ریلوے کی مجموعی آمدنی میں مالی سال 2020 کے پہلے 8 ماہ کے دوران 8.4 فیصد کا اضافہ
اسلام آباد ۔ 11 جون (اے پی پی) پاکستان ریلوے کی مجموعی آمدنی میں مالی سال 2020 کے پہلے 8 ماہ جولائی سے فروری کے دوران 8.4 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ، اس مدت کے دوران 36916.85 ملین آمدن حاصل ہوئی،گذشتہ سال اسی مدت کے دوران 34066.12 ملین روپے آمدن حاصل ہوئی تھی۔ جمعرات کو یہاں جاری معاشی سروے 2020 کے مطابق جولائی سے فروری مالی سال 2020 کے دوران ، مسافروں کی تعداد کم ہو کر 39.4 ملین ہوگئی جو گذشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 39.9 ملین تھی جو 1.20 فیصد کی کمی ظاہر کرتی ہے۔ پاکستان ریلوے عوامی شعبے میں نقل و حمل کا واحد ذریعہ ہے جس نے معاشی نمو میں مدد کی۔ یہ شعبہ مجموعی طور پر 474 انجنوں پر مشتمل ہے جن میں 458 ڈیزل انجن اور 12 بھاپ انجن شامل ہیں جو 7791 کلومیٹر لمبے ٹریک پرچلتے ہیں۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان ریلوے اسٹریٹجک پلان (پی آر ایس پی) تیار کرنے کے لئے محکمہ سے تعاون کیا جسے ریلوے بورڈ نے منظور کرلیا ہے۔ اے ڈی بی نے پاکستان ریلوے کے عملے کو روٹ آپٹمائزیشن کی تربیت بھی دی جس سے موجودہ امور مزید فعال ہوئے۔ پاکستان ریلوے نے حال ہی میں سپریم کورٹ آف پاکستان میں ایک تجارتی منصوبہ پیش کیا ہے ، جس میں ریلوے کو نفع بخش ادارہ میں تبدیل کرنے کی حکمت عملی کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔121 صفحات پر مشتمل یہ رپورٹ ریلوے کو ہونے والے نقصانات پر ازخود نوٹس کیس کے سلسلے میں تیار کی گئی تھی۔









