اسلام آباد ۔ 13 جون (اے پی پی) وفاقی وزیرصنعت وپیداوارحماداظہرنے کہاہے کہ حکومت روزگارکے مواقع بڑھانے کیلئے معیشت کے استحکام اورنجی شعبہ کوفروغ دینے پربھرپورتوجہ دے رہی ہے۔ہفتہ کویہاں حکومت کے اقتصادی ٹیم کے ہمراہ بعدازبجٹ پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ روزگارکی فراہمی کے اپنے وعدوں پرقائم ہیں، ہماراہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ نجی شعبہ روزگار کی فراہمی میں کلیدی کرداراداکرتا ہے ، نجی شعبہ تب مضبوط ہوگا جب ہماری معیشت مستحکم ہوں گی، ہمارا پہلا ہدف معیشت کو استحکام دینا ہے۔معیشت کے استحکام کیلئے موجودہ حکومت نے کئی اقدامات کئے ہیں، حکومت نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جس کی وجہ سے کاروبارمیں آسانیوں کے عالمی درجہ بندی میں گزشتہ سال 28 پوائنٹ کی بہتری ہوئی اوررواں سال اس میں مزید بہتری کا امکان ہے۔ کاروبار میں بہتری کی وجہ سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوا، کورونا سے پہلے برآمدات میں 14فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ چھوٹے اوردرمیانہ درجہ کے کاروبارکا فروغ ہماری ترجیح ہے، چھوٹے کاروباری افراد کے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کیلئے 50ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی وباءکے تناظرمیں کاروباراورروزگاربچانے کیلئے سٹیٹ بنک نے کئی سکیموں کا آغازکیا جس کا مثبت ردعمل آیا ۔اس سکیم سے ساڑھے آٹھ لاکھ سے زائد کاروباروں نے فائدہ اٹھایا ہے۔حماداظہر نے کہاکہ حکومت نے روزگارکو بچانے کیلئے کئی اقدامات کیے ہیں اس کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 100ارب اضافہ ہواہے جس سے ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی آئیگی اورروزگارکے مواقع بھی بڑھ جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ تعمیراتی شعبہ کیلئے جامع پیکج دیا گیاہے، اس سے 40 ذیلی صنعتوں کو فائدہ ہوگا اوراس سے بھی روزگارکے مواقع میں اضافہ ہوگا۔