اسلام آباد ۔ 15 جون (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی فیصلے کے ثمرات ملک بھر کے عوام کو پہنچانے کیلئے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز مشترکہ حکمت عملی مرتب کریں، ملاوٹ سے پاک اور خالص اشیاء کا میسر آنا گڈ گورننس کیلئے ضروری ہے، اس امر پر خصوصی توجہ دی جائے، ملک میں گندم کی وافر …
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام کو پہنچانے کیلئے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز مشترکہ حکمت عملی مرتب کریں، وزیرِاعظم عمران خان کا ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے سلسلہ میں اقدامات کے حوالہ سے جائزہ اجلاس سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 15 جون (اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی فیصلے کے ثمرات ملک بھر کے عوام کو پہنچانے کیلئے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز مشترکہ حکمت عملی مرتب کریں، ملاوٹ سے پاک اور خالص اشیاء کا میسر آنا گڈ گورننس کیلئے ضروری ہے، اس امر پر خصوصی توجہ دی جائے، ملک میں گندم کی وافر فراہمی کے ساتھ ساتھ آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عوام کو مناسب قیمت پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ وہ پیر کو یہاں ملک میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے سلسلہ میں اقدامات کے حوالہ سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی سیّد فخر امام، مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور سینئر افسران شریک تھے۔ صوبائی چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز نے وزیرِاعظم کو بنیادی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے خصوصاً حکومت کی جانب سے پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کے ثمرات کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لا کر عوام تک پہنچانے کو یقینی بنانے کے حوالہ سے اقدامات پر بریفنگ دی۔ وزیرِاعظم کو اشیاء ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی اورملاوٹ کے خلاف انتظامی اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت کی اجازت دینے کے وفاقی حکومت کے فیصلے کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں تاہم آٹے کی قیمتوں میں مزید کمی لا نے کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں۔ وزیرِاعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی لانے کا مقصد عوام کو ہر ممکنہ ریلیف فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ حکومتی فیصلے کے ثمرات ملک بھر کی عوام کو پہنچانے کیلئے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز مشترکہ حکمت عملی مرتب کریں۔ اشیاء ضروریہ میں ملاوٹ کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملاوٹ کی عفریت ہمارے بچوں، بوڑھوں اور قوم کی صحت کی خرابی کا باعث بن رہی ہے۔ ماضی میں ملاوٹ کاتدارک کرنے کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خالص اشیاء کا میسر آنا گڈ گورننس کی عکاسی کرتا ہے لہٰذا اس امر پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ملک میں گندم کی وافر فراہمی کے ساتھ ساتھ آٹے کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے نیشنل پرائس کنٹرول کمیٹی کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عوام کو مناسب قیمت پرآٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔








