وفاقی وزیرصنعت وپیداوارحماد اظہر کا قومی اسمبلی میں فنانس بل میں ترامیم کی منظوری پربحث سیمٹتے ہوئے اظہار خیال

اسلام آباد ۔ 29 جون (اے پی پی) وفاقی وزیرصنعت وپیداوارحماد اظہرنے کہاہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بارٹیکس فری بجٹ دیا گیا ہے، بجٹ میں الیکٹرک کارز ،موبائل فونز مینیوفیکچرنگ پالیسی اورماحو لیاتی پالیسی کی بنیاد رکھی جارہی ہے، اپوزیشن کے اعصاب پراحتساب کاعمل سوار ہے۔ ہم مافیاز کے خلاف برسراقتدار آئے‘ ہم نے دو بڑی مافیا کا مقابلہ کر کے ان کو اقتدار سے باہر نکالا، شوگر مافیا، …

اسلام آباد ۔ 29 جون (اے پی پی) وفاقی وزیرصنعت وپیداوارحماد اظہرنے کہاہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بارٹیکس فری بجٹ دیا گیا ہے، بجٹ میں الیکٹرک کارز ،موبائل فونز مینیوفیکچرنگ پالیسی اورماحو لیاتی پالیسی کی بنیاد رکھی جارہی ہے، اپوزیشن کے اعصاب پراحتساب کاعمل سوار ہے۔ ہم مافیاز کے خلاف برسراقتدار آئے‘ ہم نے دو بڑی مافیا کا مقابلہ کر کے ان کو اقتدار سے باہر نکالا، شوگر مافیا، آئی پی پیز مافیا، آٹا مافیا اور پی آئی اے میں مافیا کا مقابلہ کریں گے۔ پیرکوقومی اسمبلی میں فنانس بل میں ترامیم کی منظوری پربحث سیمٹتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج اہم دن تھا ، کورونا وائرس کی وبا کے ماحول میں آج فنانس بل اور اس میں ترامیم کی منظوری کے لیے یہاں سب اکٹھے ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود اپوزیشن اس طرح کے حالات میں صرف جملے کسنے میں لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہوئیں تو خطے میں سب سے کم قیمتیں پاکستان میں تھیں اورحکومت نے تیل کی کم قیمتوں کا فائدہ عوام کو منتقل کیا، اب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں دگنی ہو چکی ہیں، تیل پر سترہ فیصد سیلز ٹیکس اور30 روپے پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی عائد کرنے کی منظوری مسلم لیگ (ن) کے دور میں دی گئی اورآج بھی یہی شرح ہے۔ حماد اظہر نے کہا کہ شوگر پالیسی میں اصلاحات ضروری ہیں کیونکہ اس کا کپاس اور برآمدات سمیت کئی اہم امور سے تعلق ہے۔ اگران کے دورمیں 22 ارب روپے سبسڈی دی گئی ہے تو چلیں ہم بھول جاتے ہیں۔ ملک کو آگے بڑھانا ہے تو زراعت کو ٹھیک کرنا ہوگا۔ میں بطور صنعت و پیداوار کے وزیر کے طور پر پر یہ بات کہہ رہاہوں کہ ملک کو اگرآگے لیکر جانا ہے تو ہمیں اپنی زراعت کو ترقی دینا ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ بجٹ میں الیکٹرک کارز اور موبائل فونز مینیوفیکچرنگ پالیسی اورماحالیاتی پالیسی کی بنیاد رکھی جارہی ہے، اس کیلئے ہم متعلقہ وزارتوں اوراداروں کے ممنون ہیں جنہوں نے اس پالیسی کو مرتب کرنے میں کرداراداکیا۔ حماد اظہرنے کہاکہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں ٹیکس فری بجٹ آیا ہے، میں نے جب بجٹ تقریر شروع کی تو پہلے ہی سے نامنظور کے نعرے لگا دیے گئے اس کا مطلب ہے کہ انہوں نے بجٹ دستاویزات کا مطالعہ نہیں کیا تھا۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک کروڑ 60 لاکھ خاندانوں کوسماجی تحفظ فراہم کیاگیا، 30 لاکھ کاروبار اورلاکھوں صارفین کو بجلی کی مد میں معاونت فراہم کی گئی۔ صوبوں کے ساتھ مل کراین ڈی ایم اے کے لئے 75 ارب روپے مختص کئے گئے ، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں پی ایس ڈی پی میں بلوچستان اور سندھ کے لئے سب سے زیادہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔1600 سے زائد ٹیرف لائنز پرٹیکس اورڈیوٹیز ختم کردی گئی ہے، حماداظہرنے کہاکہ اپوزیشن کے اعصاب پراحتساب کاعمل سوار ہے۔ ہم مافیاز کے خلاف برسراقتدار آئے‘ ہم نے دو بڑے مافیا کا مقابلہ کر کے ان کو اقتدار سے باہر نکالا، شوگر مافیا‘ آئی پی پیز مافیا‘ آٹا مافیا اور پی آئی اے میں مافیا کا مقابلہ کریں گے۔