صدر ڈی جی خان بار کو چیک کیش ہونے کیلئے وفاقی وزیر کی جانب سے رشوت طلب کرنے کی خبریں حقائق کے برعکس ہیں،ترجمان وزارت قانون

اسلام آباد ۔ 7 جولائی (اے پی پی) ترجمان وزارت قانون و انصاف نے صدر ڈی جی خان بار ایسوسی ایشن کو جاری کئے گئے چیک کے کیش ہونے کیلئے وفاقی وزیر کی جانب سے رشوت طلب کئے جانے سے متعلق میڈیا کے ایک حصہ میں خبروں کو حقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ منگل کو اپنے وضاحتی بیان میں ترجمان نے کہا کہ سٹیٹ بینک …

اسلام آباد ۔ 7 جولائی (اے پی پی) ترجمان وزارت قانون و انصاف نے صدر ڈی جی خان بار ایسوسی ایشن کو جاری کئے گئے چیک کے کیش ہونے کیلئے وفاقی وزیر کی جانب سے رشوت طلب کئے جانے سے متعلق میڈیا کے ایک حصہ میں خبروں کو حقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ منگل کو اپنے وضاحتی بیان میں ترجمان نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے لیگل پریکٹیشنر اینڈ بار کونسل ایکٹ 1973ءکے سیکشن 57 کے تحت امداد کی مد میں چیک نمبر 7837990 جاری کیا گیا جو کہ 27 جون 2020ءکو صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈی جی خان کے اکاﺅنٹ نمبر 0110035842 الائیڈ بینک آف پاکستان عظمت روڈ برانچ ڈی جی خان کیلئے تھا اور اس کی مالیت 20 لاکھ روپے تھی۔ یہ چیک وزارت قانون و انصاف کے کمیٹی روم میں 29 جون کو صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈی جی خان کے حوالہ کیا گیا۔ اطلاع کے مطابق یہ چیک سلک بینک مین برانچ بلیو ایریا اسلام آباد میں جمع کرایا گیا۔ مذکورہ بینک نے ابتدائی طور پر یہ چیک قبول کر لیا تاہم یہ چیک اسی دن برانچ میں اندرونی طور پر واپس کر دیا گیا کیونکہ بینک کے کلیئرنس سیکشن نے اس چیک کو قبول نہیں کیا کیونکہ یہ چیک الائیڈ بینک آف پاکستان کے اکاﺅنٹ میں جمع کرانے کیلئے جاری کیا گیا تھا۔ سلک بینک نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈی جی خان کو فون کرکے یہ چیک ان کے حوالہ کیا۔ الائیڈ بینک عظمت روڈ برانچ ڈی جی خان سے رابطہ کیا گیا جس میں بتایا کہ چیک آج تک کلیئرنس کیلئے مذکورہ برانچ میں جمع نہیں کرایا گیا۔ یہ چیک صرف 30 جون 2020ءتک قابل استعمال تھا کیونکہ یہ فنڈز مالی سال 2019-20ءکے بجٹ میں مختص کئے گئے تھے۔ مالی سال کے بجٹ میں مختص کئے گئے فنڈز ہر سال 30 جون کو لیپس ہو جاتے ہیں اس لئے اب یہ چیک کیش نہیں ہو سکتا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے 7 جولائی 2020ءکو جاری کئے گئے لیٹر نمبر ISB/PAU/52142/2020 میں تصدیق کی ہے کہ یہ چیک ایس بی پی بی ایس ای اسلام آباد میں کبھی جمع نہیں کرایا گیا۔ درست بینک میں مقررہ تاریخ سے پہلے چیک جمع نہ کرانا ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی ناکامی ہے، اس کا وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل یا وفاقی حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔