علی امین خان گنڈا پورکا برہان مظفر وانی کو زبردست خراج عقیدت پیش

اسلام آباد ۔ 7 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر امورکشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کشمیری نوجوان برہان مظفر وانی کے یوم شہادت کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظفروانی نے اپنی جان کی قربانی سے تحریک آزادی کشمیر میں جو نئی روح پھونکی ہے، اس کو کشمیر کی ہر عمرکا فرد اپنے خون کی قربانی سے زندہ رکھے ہوئے …

اسلام آباد ۔ 7 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر امورکشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کشمیری نوجوان برہان مظفر وانی کے یوم شہادت کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظفروانی نے اپنی جان کی قربانی سے تحریک آزادی کشمیر میں جو نئی روح پھونکی ہے، اس کو کشمیر کی ہر عمرکا فرد اپنے خون کی قربانی سے زندہ رکھے ہوئے ہے اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود غیور اور بہادر کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ برہان وانی کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہاکہ برہان وانی کی شہادت کے بعد سے سینکڑوں کشمیری نوجوان اپنی جانوں کی قربانی پیش کر چکے ہیں جو اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ تمام تر بھارتی سفاکیت اور درندگی کے باوجود حق خود ارادیت کے عظیم مقصد کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال 5 اگست کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور آئے روز نہتے کشمیری نوجوانوں کو گھر گھر تلاشی کی آڑ میں ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قابض بھارتی افواج نے لاک ڈاون کی آڑ میں پوری وادی کو ایک جیل میں تبدیل کر رکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی مظالم سے مقبوضہ کشمیر کا کوئی فرد محفوظ نہیں ہے اور یہ اس دنیا کی وہ دردناک جگہ ہے جہاں ایک تین سالہ بچے کی آنکھوں کے سامنے اس کے بزرگ نانا کو بھارتی سیکورٹی اداروں نے شہید کردیا۔انہوں نے کہاکہ اس ننھے بچے کی اپنے نانا کے قریب بیٹھی تصویر چیخ چیخ کے عالمی انصاف کے اداروں اور انسانی حقوق کے علمبردارعالمی برادری کو پکار رہی ہے کہ آخر نہتے اور معصوم کشمیریوں کے دکھ کا مداوا کب ہو گا اور ان کو حق خود ارادیت کا حق کب ملے گا۔ علی امین گنڈا پور نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرانے سمیت لاکھوں ہتھکنڈے استعمال کرلے لیکن اس کو برہان مظفر وانی جیسے لاکھوں کشمیری نوجوانوں کے ہاتھ شکست قبول کرنے ہو گی اور کشمیر یوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے وکیل اور سفیر کے طور پرکشمیریوں کا مقدمہ پوری دنیا کے سامنے لڑتے رہیں گے اور پاکستان اس وقت تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا جب تک انہیں حق خود ارادیت کا حق نہیں مل جاتا۔