اسلام آباد ۔ 14 جولائی (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے محصولات کی وصولی ایف بی آر کی اولین ذمہ داری ہے ، ٹیکس دہندگان کے اعتماد میں اضافہ کیلئے ضروری ہے کہ ایف بی آر عوام دوست پالیسیاں وضع کرے اور ٹیکس دہندگان کیلئے دوستانہ ماحول پیدا کیا جائے، ایف بی آر کے تشخص کو عوام میں بہتر بنانے کیلئے …
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 14 جولائی (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے محصولات کی وصولی ایف بی آر کی اولین ذمہ داری ہے ، ٹیکس دہندگان کے اعتماد میں اضافہ کیلئے ضروری ہے کہ ایف بی آر عوام دوست پالیسیاں وضع کرے اور ٹیکس دہندگان کیلئے دوستانہ ماحول پیدا کیا جائے، ایف بی آر کے تشخص کو عوام میں بہتر بنانے کیلئے ایف بی آر کی جانب سے عوام دوست اقدامات اْٹھانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی سے منگل کو یہاں ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ تمام ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک میں محصولات کو جمع کرنے کیلئے ٹیکس لگانا بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدنی کا استعمال پورے ملک میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ملک میں ٹیکس جمع کرنے کا مرکزی ادارہ ہے اور اس کی کارکردگی کو بہتر بنانا ضروری ہے۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنا کر نظام کو عوام دوست بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی اور ٹیکس نظام کو آسان بنانے سے ٹیکسوں کی وصولی میں آر ضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے محصولات کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے ایف بی آر کی جانب سے اْٹھائے گے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ برآمد کنندگان ملک میں ٹیکس جمع کرنے کا بڑا ذریعہ ہیں لہٰذا ٹیکس جمع کرنے والے تمام اداروں کو برآمد کنندگان کو خصوصی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دی جائیں۔ انہوں نے ایف بی آر کی جانب سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے برآمد کنندگان کیلئے سہولیات کی فراہمی کیلئے اْٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔ چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی نے سپیکر کو ٹیکس وصولی کے طریق کار سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایف بی آر نے ٹیکس وصولی کے زیادہ تر نظام کو ڈیجیٹلائز کر دیا ہے اور ٹیکس دہندگان کو انٹرنیٹ کے ذریعے ایف بی آر کی تمام سہولیات تک رسائی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے سپیکر کو یقین دلایا کہ ایف بی آر عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدمات اْٹھائے گا۔ انہوں نے اس ضمن میں سپیکر اسد قیصر کی گہری دلچسپی کو سراہا۔








