ملک میں سیاحت کوایس اوپیز کے ساتھ بتدریج کھولنے پرغورہورہاہے، ٹورزم کوآرڈی نیشن بورڈ کے اجلاس میں ہوٹلز کیلئے امدادی پیکج واقدامات کاجائزہ لیاجائیگا، پی ٹی ڈی سی کے ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دیا جائے گا پارلیمانی امورکے وزیرعلی محمد خان کا قومی اسمبلی میں سیاحت کو کھولنے سے متعلق توجہ مبذول نوٹس پر جواب

اسلام آباد ۔ 14 جولائی (اے پی پی) قومی اسمبلی کو بتایا گیاکہ ملک میں سیاحت کوایس اوپیز کے ساتھ بتدریج کھولنے پرغورہورہاہے، ٹورزم کوارڈی نیشن بورڈ کے 22 جولائی کوہونے والے اجلاس میں ہوٹلز کیلئے امدادی پیکج واقدامات کاجائزہ لیاجائیگا، پی ٹی ڈی سی کے ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دیا جائے گا۔ منگل کو قومی اسمبلی میں مرتضیٰ جاوید عباسی اوردیگر ارکان کی جانب سے سیاحت کو کھولنے …

اسلام آباد ۔ 14 جولائی (اے پی پی) قومی اسمبلی کو بتایا گیاکہ ملک میں سیاحت کوایس اوپیز کے ساتھ بتدریج کھولنے پرغورہورہاہے، ٹورزم کوارڈی نیشن بورڈ کے 22 جولائی کوہونے والے اجلاس میں ہوٹلز کیلئے امدادی پیکج واقدامات کاجائزہ لیاجائیگا، پی ٹی ڈی سی کے ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دیا جائے گا۔ منگل کو قومی اسمبلی میں مرتضیٰ جاوید عباسی اوردیگر ارکان کی جانب سے سیاحت کو کھولنے سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کے جواب میں پارلیمانی امورکے وزیرعلی محمد خان نے ایوان کوبتایا کہ کوویڈ بحران نے پورے ملک کو لپیٹ میں لیا ہے لیکن جس شعبہ کو زیادہ متاثرکیا ہے وہ سیاحت ہے۔ اس معاملہ پر وزیراعظم کی توجہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں سیاحت کا سیزن3 یا 4 ماہ ہوتا ہے۔ وہاں کی سیاحتی صنعت کے پاس یہی مہینے ہوتے ہیں۔ اب پاکستان میں سرما کی سیاحت بھی شروع ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چار ماہ سے ہوٹلز بند رہے ہیں اور بڑی عید کے بعد ایک ڈیڑہ مہینہ باقی رہ جاتا ہے۔ وزیراعظم کو احساس ہے اور میٹنگز میں بھی اس بارے مباحثے ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 22 جولائی کو قومی سیاحتی رابطہ بورڈ کا اجلاس ہورہا ہے جس میں قومی سیاحتی پالیسی پربحث ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ سیاحت صوبائی محکمہ ہے تاہم وزیراعظم عمران خان کی سیاحت میں خصوصی دلچسپی اور توجہ ہے 2013 ء میں خیبرپختونخوامیں سیاحت کو خصوصی دی گئی اور اب بھی فوکس پرہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کوشش ہے کہ سیاحت کی مدد کی جائے۔ 22 جولائی کو اس نکتہ کو خصوصی طور پر دیکھا جائے گا۔ نیشل ٹورازم کوآرڈینیشن بورڈ اجلاس پرچیئرکی رولنگ بھی آنی چاہیے کہ ہوٹلوں کو بلاسود قرضہ دیا جائے تاکہ وہ اپنا کاروبار اٹھاسکیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی ڈی سی کے ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک کے تحت 1.3 ارب دیئے جائیں گے۔ 180 ملازمین ہیں، پی ٹی ڈی سی کی 70 فیصد آمدن ملازمین کی تنخواہوں پرخرچ ہورہی تھی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے کہاکہ اس ایشو پرتوجہ دی جائے۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہاکہ سیاحت کی صنعت کو فوری طورپر امدادی پیکج میں شامل کیا جائے۔ پی ٹی ڈی سی کے حوالے سے جو فیصلہ کیا گیاہے وہ غیرآئینی ہے۔ یہ صوبائی معاملہ تھا۔ کابینہ نے جومینڈیٹ دیا تھا بورڈ نے اس سے تجاوزکیا ہے۔ ایک بھی پیسہ حکومت نے نہیں دیا تھا یہ ادارہ اپنے خرچہ سے چل رہا تھا۔ علی محمد خان نے کہاکہ گولڈن ہینڈ شیک کوئی نئی چیز نہیں۔ پاکستان میں نجکاری کا عمل نوازشریف کے پہلے دورمیں شروع ہوا جس میں ایسے ادارے بھی تھے جن کو اونے پونے داموں بیچا گیا۔ ہم ایسا نہیں کریں گے۔ اگر ان کو کوئی تحفظات ہیں تومعاملہ کمیٹی کوریفرکیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ سیاحت کیلئے جتنے اقدامات یہ حکومت کررہی ہے وہ کسی حکومت نے نہیں کئے۔ پی ٹی ڈی سی میں ماضی میں سرکاری افسران جاتے رہے اب عام لوگ جارہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ ادارے بندہورہے ہیں، پی ٹی ڈی سی کے 450 ملازمین کو ایک رات میں نوکریوں سے نکالا گیا۔ پاکستان میں جمہوری حکومت ہے آمریت نہیں کہ ایک نوٹیفیکشن کے ذریعہ لوگوں کو بے روزگارکردیا جائے۔ بزنس پلان کو ایوان میں پیش کیا جائے۔ وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہاکہ پوری دنیا پوچھ رہی ہے کہ ایک تین بارسابق وزیراعظم لندن آیا ہے اورکئی مہینوں سے ہیں۔ میں چیلنج کرناچاہتا ہوں کہ آپ کے لیڈرنے تین بار وزارت عظمیٰ کی ذمہ داریاں اداکی ہیں’ کوئی ایک ادارہ بتایا جائے جس کو آپ نے معیار کا بنایا ہو۔ سیاست میں آنے سے قبل نوازشریف کی کتنی فیکٹریاں تھیں اور بعد میں کتنی ہوگئیں۔ پی آئی اے اور سٹیل ملز کو کیا ہم نے تباہ کیا۔ وہ کون لوگ تھے جو کہتے تھے کہ پی آئی اے لیں اور سٹیل ملز ساتھ میں لیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سمجھتی ہے کہ کاروبار نجی شعبہ کاکام ہے حکومت انتظامات کرتی ہے۔ عباداللہ خان نے کہاکہ مالم جبہ کی پراپرٹی کو دوست کے حوالے کیا گیاہے۔ کیا حکومت کے پاس اختیارہے کہ لوگوں کوبے روزگارکیا جائے۔ ملاکنڈ، ہزارہ اورگلگت میں سیاحت 4 ماہ پرمحیط ہوتی ہے وہ ابھی تک بند ہے۔ بیشترہوٹلز لیز پرحاصل کئے جاتے ہیں۔ علی محمدخان نے کہاکہ بے روزگارلوگوں کوسہولت دینے کا سوچاجارہاہے، انہوں نے کہاکہ سمارٹ لاک ڈائون کواب دنیا تسلیم کررہی ہے۔ مسلم لیگ ن تومکمل لاک ڈاون کامشورہ دے رہی تھی۔ ٹورازم کوآرڈی نیشن بورڈ کے اجلاس میں ہوٹلز کیلئے امدادی پیکج بارے غورہوگا۔محمد سجادنے کہاکہ پی ٹی ڈی سی وفاق کی علامت تھی، ایک وفاقی حکومت کو توڑنا اورتقسیم کرنا سیاحت کیلئے خوش آئند نہیں ہوگا۔

مزید خبریں