صوبائی وزیر صنعت وتجات میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجا ب سرمایہ کاری بورڈ کا اجلاس’ اینٹوں کے بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لئے میچنگ گرانٹ کی شکل میں قرضوں کی فراہمی کا فیصلہ”وزیر صنعت وتجارت

218

لاہور۔15 جولائی (اے پی پی )صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت بدھ کے روز پنجا ب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا’جس میں اینٹوں کے بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لئیمیچنگ گرانٹ کی شکل میں قرضوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا’بھٹہ مالکان کو 2 فیصد سروسز چارجز پر قرضہ ملے گاجس کی واپسی کی مدت 2 سال ہوگی جو 7 سو بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہوچکے پہلے انہیں قرضوں کی سہولت ملے گی’ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپو ریشن مدثر ملک ،ڈی جی محکمہ تحفظ ماحولیات اشعر زیدی ،برکس کلن ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر محمد شعیب نیازی ،مہر عبدالحق جنرل سیکرٹری ،رانا سبحان صدر لاہور ڈیژن اوردیگر عہدیداران نے اجلاس میں شرکت کی ۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین پاکستان وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے ۔ نئی نسل کو آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر کے ماحولیاتی آلودگی کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اینٹوں کے بھٹوںکو اس ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے سے ان کی پیداواری صلاحیت بڑھے گی اور لیبر کو بھی فائد ہوگا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ طریقہ کار طے کر کے بھٹوں کو جدیدٹیکنالوجی پر منتقلی کیلئے قرضوں کی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لئے سنجیدہ ہے اوربھٹوںکی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کے منصوبے کو اہداف طے کر کے تیزی سے مکمل کرنا ہے ۔ برکس کلن ایسوسی ایشن کے صدر محمد شعیب نیازی نے کہا کہحکومت کے تعاون سے ایک سال میں تمام بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر سکتے ہیں۔