کیبلز انڈر گرائونڈ کرنے کی رفتار کو تیز کیا جائے، عمران اسماعیل کے الیکٹرک سے کیبلز کو بتدریج انڈر گرائونڈ کرنے کا معاہدہ ہوا ہے ، وفد کی گورنر سے گفتگو

کراچی۔16 جولائی(اے پی پی) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے کیبل آپریٹرایسوسی ایشن کے وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر خالد آرائیں کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر مئیر کراچی وسیم اختر اور رکن صوبائی اسمبلی جمال صدیقی بھی موجود تھے۔ملاقات میں کیبل آپریٹرز کے مسائل ،کے الیکٹرک کے ساتھ معاملات ،کیبلز کو جلد از جلد …

کراچی۔16 جولائی(اے پی پی) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے کیبل آپریٹرایسوسی ایشن کے وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر خالد آرائیں کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر مئیر کراچی وسیم اختر اور رکن صوبائی اسمبلی جمال صدیقی بھی موجود تھے۔ملاقات میں کیبل آپریٹرز کے مسائل ،کے الیکٹرک کے ساتھ معاملات ،کیبلز کو جلد از جلد انڈر گرائونڈ کرنے کے اقدامات ،اس ضمن میں ایس او پیز کی تیاری اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کیبل آپریٹرز اور کے الیکٹرک کے مابین معاہدہ خوش آئند ہے، بات چیت کے ذریعہ مشکل سے مشکل مسئلہ کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہر کسی کو کراچی کے شہریوں کے مفاد کو فوقیت دینا چاہئیے تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو باخبر رکھنے اور تفریح فراہم کرنے میں کیبل آپریٹرز کا اہم کردار ہے اس لئے انہیں اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کرنے چاہئیں ۔ عمران اسماعیل نے ہدایت کی کہ بلدیہ عظمی کراچی کی این او سی کے ساتھ کیبلز کو انڈر گرائونڈ کرنے کی رفتار تیز کی جائے۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی میں تاروں کا بے ہنگم جال رکائوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے وسیع تر مفاد میں کیبل انڈر گرائونڈ کرنے کی این او سی دینے کے لئے تیار ہیں۔ وفد نے گورنر سندھ کو کے الیکٹرک کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کے الیکٹرک سے معاہدہ ہوا ہے کہ پولز پر موجود کیبل نہیں کاٹے جائیں گے جبکہ ان پولز پر موجود کیبلز کو بتدریج انڈر گرائونڈ کردیا جائے گا۔ وفد نے مزید بتایا کہ اس ضمن میں ڈی ایچ اے سے اس کام کا آغاز کردیا گیا ہے اور گذشتہ 30 دن میں 30 کلومیٹر کیبلز انڈر گرائونڈ کی گئی ہے۔ وفد نے کہا کہ ریڈ زون میں بھی اس کام کا آغاز کررہے ہیں جبکہ کیبلز کو انڈر گرائونڈ کرنے کے لئے کھودی جانے والی سڑکوں کی استر کاری بھی کریں گے۔

مزید خبریں