صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت ممتاز شیعہ علماء کی فکری نشست محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں میں کورونا سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیلئے 20 نکاتی ایس او پیز پر اتفاق

اسلام آباد ۔ 16 جولائی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت اجلاس میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں میں کورونا سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیلئے 20 نکاتی ایس او پیز پر اتفاق کیا گیا ہے۔ کورونا وبا کے پیش نظر محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کے دوران معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) کی تیاری اور کووڈ۔19 …

اسلام آباد ۔ 16 جولائی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت اجلاس میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں میں کورونا سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیلئے 20 نکاتی ایس او پیز پر اتفاق کیا گیا ہے۔ کورونا وبا کے پیش نظر محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کے دوران معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) کی تیاری اور کووڈ۔19 کے تدارک کیلئے رہنما اصولوں پر عملدرآمد میں تعاون کرنے کے لئے صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ممتاز شیعہ علماء کی فکری نشست کی جمعرات کو ایوان صدر اسلام آباد میں صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ، وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، علامہ عارف واحدی، راجہ ناصر عباس، ڈاکٹر غضنفر مہدی، علامہ قمر حیدر زیدی، راجہ بشارت امامی اور علامہ سجاد حسین نقوی نے شرکت کی۔ صوبائی گورنرز، صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان، پنجاب سے علامہ افضل حسین حیدری اور علامہ حسین اکبر، سندھ سے علامہ شہنشاہ نقوی، علامہ سیّد علی قرار نقوی اور علامہ فرقان حیدر عابدی، خیبرپختونخوا سے علامہ عابد حسین شاکری اور علامہ ارشاد حسین خلیلی ، بلوچستان سے علامہ سید ہاشم موسوی اور علامہ شیخ جمہ اسدی ، جبکہ آزاد جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے مفتی کفایت حسین نقوی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ماہ رمضان اور عیدالفطر کے موقع پر تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے کورونا وبا کی روک تھام کیلئے مکمل تعاون کیا اور انہیں امید ہے کہ اس بار بھی علمائے کرام مثالی تعاون کا مظاہرہ کریں گے۔ محرم الحرام کے دوران علماء کرام نے متفقہ طور پرعزاداری اور مجالس کیلئے درج ذیل ایس او پیز پر اتفاق کیا۔ مجالس عزاداری کے لئے ایس او پیز کے تحت مجالس میں فاصلے کا خیال رکھا جائے۔ امام بارگاہ میں لوگوں کے بیٹھنے کے لئے نشان لگائے جائیں۔ ہر شخص ماسک پہن کر آئے، ماسک کے بغیر کسی کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ امام بارگاہ کی انتظامیہ داخلی راستوں کے باہر ماسک فراہم کر سکتی ہے۔ قالین کے استعمال سے اجتناب کیا جائے۔ امام بارگاہ سے باہر جراثیم سے پاک چٹائیاں بچھائی جا سکتی ہیں، اگر قالین ہو تو روزانہ ان پر کلورین کا سپرے کیا جائے۔ گھروں میں مجالس کے انعقاد کی صورت میں بھی ایس او پیز کا خیال رکھا جائے۔ کورونا کی وجہ سے طویل مجالس کے انعقاد سے اجتناب کیا جائے۔ مجالس کو مقررہ وقت پر ہی شروع اور ختم کیا جائے۔ عمر رسیدہ افراد کو عمومی مجالس میں شرکت سے روکا جائے اور انہیں صرف گھروں کی مجالس تک محدود رکھا جائے گا۔ مجالس کے شرکاء تسبیح، جائے نماز، سجدہ گاہ وغیرہ اپنے ہمراہ نہ لائیں۔ مصافحہ، معانقہ وغیرہ سے احتراز کیا جائے گا۔ تبرک اور نیاز کے دستر خوان کی بجائے پارسل کا اہتمام کیا جائے۔رضاکار علم، تعزیہ اور شبیہ کو چھونے سے احتراز کریں۔ دور سے زیارت پر اکتفا کریں گے۔عزاداری کے منتظمین مقامی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں اور ایک دوسرے سے تعاون کریں۔عزاداری ، عاشورہ اور محرم الحرام کے جلوسوں کے لیے ایس او پیز کے تحت محرم کے دوران لائسنس یافتہ اور روایتی جلوس کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ اجازت ہو گی۔ جلوس میں ہینڈ سینیٹائزر کااستعمال اور ماسک لگا نا ضروری ہے۔ جلوس میں افراد کے مابین مناسب فاصلے کو برقرار رکھا جائے ۔پانی پینے پلانے کے دوران مشترکہ برتن کے استعمال سے گریز کیا جائے گا۔ رضا کار سکائوٹس کے ذریعے جلوس کے شرکاء سے ہدایات پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔ شرکاء کی تعداد مناسب رکھی جائے، وقت کو محدود کیا جائے گا۔ عمر رسیدہ اور مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کو جلوس میں شرکت کی اجازت نہ دی جائے۔ صدر مملکت نے علماء کرام سے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور متعلقہ ایس او پیز پر متفق ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ علماء کرام نے قومی یکجہتی اور مختلف مکاتب فکر کے مابین ہم آہنگی برقرار رکھنے پر صدر مملکت کے کردار کو سراہا۔

مزید خبریں