اسلام آباد ۔ 24 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت ستمبر میں سکولوں کو دوبارہ کھولنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے گی اور سکولوں میں بچوں کیلئے صحت مند و محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، پرائیویٹ تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے قبل اپنے اساتذہ اور انتظامیہ کو ڈیوٹی پر بلا سکتے ہیں تاہم ہم …
وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 24 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت ستمبر میں سکولوں کو دوبارہ کھولنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے گی اور سکولوں میں بچوں کیلئے صحت مند و محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، پرائیویٹ تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے قبل اپنے اساتذہ اور انتظامیہ کو ڈیوٹی پر بلا سکتے ہیں تاہم ہم سرکاری سکولوں کی انتظامیہ کو طلبہ و طالبات کو حتمی فیصلہ ہونے سے قبل بلانے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، حکومت طلبہ کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی، کورونا وائرس وباءختم ہونے کے بعد ملک بھر میں سکول و کالجز دوبارہ کھولے جائیں گے۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب سکول دوبارہ کھولے جائیں گے تو ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا، بچوں کی سیٹوں کے درمیان مناسب فاصلے سمیت کلاسوں کی تقسیم اور اوقات کار میں تبدیلی جیسے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ شفقت محمود نے کہا کہ حکومت ہر ممکن آپشن پر غور کر رہی ہے، ہم کوشش کریں گے کہ رواں سال کے سالانہ امتحانات کا انعقاد کیا جائے یا امتحانات کو آئندہ سال تک موخر کیا جائے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) ملک میں مہلک وباءکے پھیلاﺅ کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہا ہے اور وہی سکولوں کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گا۔ وفاقی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ اساتذہ کو خصوصی طور پر ذمہ داریاں دی جائیں گی کہ وہ سکولوں کے دوبارہ کھلنے سے قبل بچوں کی صحت اور حفظان صحت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں، ہم تعلیم جیسے بنیادی اہم مسئلے پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جلد از جلد غیر یقینی صورتحال کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے نجی سکولوں سے بھی خاص طور پر درخواست کی کہ انہیں بھی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل پیرا ہونا پڑے گا۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ اسکولوں کو یہ دیکھنا ہوگا کہ وہ ایس او پیز کے بہتر نفاذ کے ساتھ اسکول دوبارہ کیسے کھول سکتے ہیں اور سکولوں میں بچوں کے لئے صحت ، پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کا خصوصی طور پر خیال رکھا جائے۔ شفقت محمود نے واضح کیا کہ تمام ایس او پیز وفاقی وزارت تعلیم تیار کرے گی لیکن صوبائی حکومتوں کو اپنے اپنے صوبوں کی صورتحال کے مطابق ان میں ردوبدل کی اجازت ہوگی۔








