اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز اور سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی کی قیادت میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر خیابان سہروردی روڈ پر وزارت اطلاعات و نشریات اور ذیلی اداروں کی مشترکہ ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکا نے مودی سرکار کے مظالم اور کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔ بدھ کو …
ہندوستان کو کشمیریوں پر ظلم و بربریت کا حساب دینا ہو گا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنی وزارت اور ذیلی اداروں کی مشترکہ ریلی سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز اور سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی کی قیادت میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر خیابان سہروردی روڈ پر وزارت اطلاعات و نشریات اور ذیلی اداروں کی مشترکہ ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکا نے مودی سرکار کے مظالم اور کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔ بدھ کو یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے خیابان سہروردی روڈ (زیرو پوائنٹ فلائی اوور) سے احتجاجی ریلی کا آغاز کیا گیا جس کی قیادت وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز اور سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی نے کی۔ ریلی پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے سامنے اختتام پذیر ہوئی جہاں پر ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ آج کے دن ہم عالمی برادری کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ کشمیر کے لوگوں پر جو ظلم و بربریت کا طوفان برپا ہے ہندوستان کو اس کا حساب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان بدمست ہاتھی کی طرح خطہ کے امن و استحکام اور توازن کو غیر مستحکم کر رہا ہے، عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم کشمیر کے مظلوم، نہتے اور معصوم لوگوں سے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اس سرینگر ایکسپریس وے کی منزل سرینگر ہے، ہم اس ایکسپریس وے سے سرینگر پہنچ کر مظلوم اور نہتے کشمیریوں کی مدد کرتے ہوئے انہیں بھارتی تسلط سے آزاد کرائیں گے، انشاء اﷲ جلد کشمیری آزادی کی سانسیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر منانے کا مقصد کشمیریوں پر جاری مظالم کے خلاف آواز کو بلند کرنا ہے کیونکہ عالمی برادری کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم پر خاموش ہے، اس منافقانہ رویہ سے عالمی امن کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے، جبری گمشدگیاں، نوجوانوں پر ظلم، پیلٹ گنز کا استعمال اور غیر قانونی فوجی محاصرہ دنیا کو کیوں نظر نہیں آ رہا، آج پاکستانی 22 کروڑ عوام کا ایک ہی مؤقف ہے کہ بھارت کو ان تمام مظالم کا حساب دینا ہو گا۔ ریلی میں ایم ڈی اے پی پی طارق محمود خان، پرنسپل انفارمیشن آفیسر شاہیرہ شاہد، ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان عنبرین جان، ڈی جی آئی پی سہیل علی خان، ڈی جی ڈیمپ سعید جاوید، ڈی جی ای پی عمرانہ وزیر سمیت وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی حکام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔








