یوم استحصال،کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لئے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی

اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لئے بدھ کو یوم استحصال کے موقع پر ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ گزشتہ ایک برس سے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بدترین دباؤ اور فوجی محاصرے کا سامنا ہے، 5 اگست 2019ء کو ہندوستان نے اپنے آئین کے آرٹیکل 35A …

اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لئے بدھ کو یوم استحصال کے موقع پر ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ گزشتہ ایک برس سے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بدترین دباؤ اور فوجی محاصرے کا سامنا ہے، 5 اگست 2019ء کو ہندوستان نے اپنے آئین کے آرٹیکل 35A اور 370 کو منسوخ کر دیا جس نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر کو دی گئی خصوصی حیثیت کو کالعدم قرار دیا جہاں کشمیری اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ملک بھر میں یوم استحصال کے موقع پر عوام نے بھرپور انداز سے شرکت اور کشمیر سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا، پورے ملک میں صبح 10 بجے ہر طرح کی ٹریفک کی نقل و حرکت بھی رک گئی۔ مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی طرف سے ریلیوں اور جلسوں کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں مقررین اور شرکاء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور کشمیر کی مظلوم عوام کو ان کی مرضی کے مطابق جینے کا حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس 5 اگست کے غیر قانونی اقدامات کے بعد سےِ کشمیر کو بھارت کے ہاتھوں ظالمانہ اور سفاک فوجی محاصرے کاسامنا ہے جبکہ مقبوضہ وادی میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ ہندوستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر پرغیر قانونی قبضہ کے ذریعے جن کشمیریوں کی آواز بند کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ہم پاکستانی عوام ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی آواز ہر پلیٹ فارم پر بلند کریں گے۔