پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار آفریدی کی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت

اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار آفریدی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور انسانی حقوق کے چیمپئنز اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی افواج کے ذریعے مقبوضہ وادی میں استحصال ختم کریں۔ بدھ کو ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے …

اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار آفریدی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور انسانی حقوق کے چیمپئنز اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی افواج کے ذریعے مقبوضہ وادی میں استحصال ختم کریں۔ بدھ کو ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کشمیر میں جاری فوجی محاصرے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت بھارت کے ذریعہ کشمیری عوام سے حق خودارادیت کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن وہ ابھی تک اس حق سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک نیا سیاسی نقشہ تیار کیا ہے جس میں پوری دنیا پر عیاں ہوتا ہے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اب تک تنازعہ کشمیر پر اپنے بیانیہ کو فروغ دینے میں کامیاب رہا ہے جس کو عالمی برادری نے بھی تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں نے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرکے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی اقدام کا سنجیدہ نوٹس نہیں لیا ہے ، حالانکہ یہ بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اﷲ سے دعا کرتا ہوں کہ اپنی زندگی میں ہم ایک ایسے کشمیر کو دیکھیں جس میں شہریوں کو ان کے حقوق حاصل ہوں، جہاں خواتین کے ساتھ عصمت دری نہ ہو اور جہاں نوجوان شہید نہ کئے جا رہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معصوم کشمیری خواتین ، بیوہ خواتین اور نوجوان کشمیریوں کے دکھوں اور قربانیوں کو سلام پیش کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی انسانی حقوق کی پامالی کی طرف عالمی توجہ مبذول کرنی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی رہنما اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیر کو نظرانداز کررہی ہیں جو ایک مجرمانہ کردار ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کو بھارتی ظالم مسلح افواج کے خلاف بہادری سے جدوجہد کرنے پر سلام پیش کیا۔ انہوں نے کشمیری عوام کو یقین دلایا کہ پوری پاکستانی قوم ان کی آزادی تک ہر قدم پر ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں پاکستان اقوام متحدہ اور دیگر فورمز میں مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اٹھا رہا ہے اور آئندہ بھی ایک بار پھر یہ کام جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کشمیر تک موجودہ حکومت کشمیری عوام کے جمہوری اور انسانی حقوق کے لئے آواز اٹھانے اور جدوجہد جاری رکھے گی۔