اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے نیب قوانین میں ترامیم کی آڑ میں تحریری طور پر این آر او مانگا ہے، اپوزیشن جماعتیں جتنا مرضی واویلا کریں یا بلیک میل کریں وزیراعظم عمران خان کسی قیمت پر انہیں این آر او نہیں دیں گے، نیب کے قانون میں ترامیم ہو سکتی ہیں، ایسی …
اپوزیشن نے نیب قوانین میں ترامیم کی آڑ میں تحریری طور پر این آر او مانگا ہے، اپوزیشن جماعتیں جتنا مرضی واویلا اور بلیک میلنگ کریں وزیراعظم عمران خان کسی قیمت پر انہیں این آر او نہیں دیں گے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے نیب قوانین میں ترامیم کی آڑ میں تحریری طور پر این آر او مانگا ہے، اپوزیشن جماعتیں جتنا مرضی واویلا کریں یا بلیک میل کریں وزیراعظم عمران خان کسی قیمت پر انہیں این آر او نہیں دیں گے، نیب کے قانون میں ترامیم ہو سکتی ہیں، ایسی ترامیم نہیں کریں گے کہ جن سے بدعنوانی کرنے والوں کو چھوٹ مل جائے، پیپلزپارٹی گزشتہ کئی دہائیوں سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے لیکن اس نے کراچی کو نظرانداز کیا، وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی صورتحال دیکھ کر اس کا نوٹس لیا، حکومت کے بروقت اقدامات کی بدولت دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں کورونا کی صورتحال بہتر ہے، کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں اس لئے عوام احتیاط لازمی کریں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا کورونا وائرس بحران کے دوران پہلے دن سے واضح موقف تھا کہ عوام کو وباء اور بھوک سے بچانا ہے، وزیراعظم عمران خان کی اسمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی کامیاب رہی، جن ممالک نے مکمل لاک ڈائون کیا انہیں بھاری معاشی قیمت چکانا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ٹیسٹنگ اور ٹریسنگ کا ماڈل کامیاب رہا اگر ایک مریض ملتا ہے تو ہم اس سے رابطے کرنے والے دس لوگوں کی ٹریسنگ کرتے ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ بھارت میں تیزی سے کیسز بڑھ رہے ہیں اور اموات کی شرح بھی زیادہ ہے، بھارت نے ایک دم سے لاک ڈائون کیا اور اب اس کے پاس کوئی متبادل راستہ نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ معاشی بحران سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں کے مقابلے میں مساجد میں ایس او پیز کا خاص خیال رکھا گیا ہے، ہمارے پہلے کے تجربات کامیاب رہے ہیں، محرم الحرام کے حوالے سے مشاورت کی گئی ہے اور ایس او پیز تیار کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحت اولین ترجیح ہے، عاشورہ کے بعد کورونا کی صورتحال دیکھ کر سکولوں کو کھولنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ کراچی پاکستان کی سیاست کا محور ہے، پیپلزپارٹی گزشتہ کئی دہائیوں سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے لیکن اس نے کراچی کی بہتری کیلئے کوئی کام نہیں کئے، وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی صورتحال دیکھ کر نوٹس لیا، کراچی کے مسائل سیاسی بیان بازی سے نہیں بلکہ عملی اقدامات اٹھانے سے حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں دو سال دعویٰ کرتی رہیں کہ کون این آر او مانگ رہا ہے، اپوزیشن جماعتیں ایسا این آر او چاہتی ہیں جو پاکستان کی تاریخ میں نہ گزرا ہو، اپوزیشن جماعتوں نے ایف اے ٹی ایف بل کی آڑ میں نیب قانون میں ترامیم کیلئے جو تجاویز دیں وہ ان کا تحریری طور پر این آر او مانگنے کا ثبوت ہے، اپوزیشن جتنا مرضی شور مچا لے اور بلیک میلنگ کرے وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں این آر او نہیں دیں گے۔ اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی 22 سالہ طویل جدوجہد صرف اور صرف بدعنوانی کے خلاف رہی ہے اور وہ ملک سے بدعنوانی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ضرور اے پی سی بلائیں، حکومت کی کووڈ 19بحران کے دوران کامیاب حکمت عملی اور اپنی ناکامیوں سے سیکھنے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ مشاورت کریں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نیب چیئرمین کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے ترامیم پیش کرنے کی بات بالکل غلط ہے، ہم نے ایسا کوئی مسودہ پیش نہیں کیا۔








