اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ادارے میں موجود بے ضا بطگی، بدعنوانی اور نا اہل عنا صر کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے ، جولائی سے لیکر اب تک 26 افسران اور 19 اہلکاروں کو معطل اور 3 اہلکاروں کو بر طرف کیا جا چکا ہے۔ترجمان ایف بی آر نے پیرکویہاں جاری بیان میں کہاہے کہ دو اعلی عہدے کے افسران کیخلاف تا دیبی کاروائی کے سلسلے میں وزیر اعظم سے اجازت مل گئی ہے۔ معطل ہونے والے افسران و اہلکاروں کا تعلق ماڈل کسٹمز کولیکٹوریٹ کوئٹہ ، پشاور، حیدر آباد، گوادر، کراچی، ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ پشاوراور ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلیجنس اینڈ انوسٹی گیشن آئی آر حیدر آباد سے ہے جبکہ برطرف ہونے والے اہلکاروں کا تعلق ریجنل ٹیکس آفس فیصل آباد سے ہے۔ ایف بی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ادارے میں شفافیت لانے کے لئے ادارے کو بد عنوان اور نا اہل عناصر سے پاک کیا جائے گا۔کسی بھی قسم کی بے ضابطگی اور نااہلی کی نشاندہی پر فی الفور کاروائی کی جائے گی۔ ادارے کا وقار بلند کیا جائے گا اور ٹیکس گزاروں اور عوام کے ذہنوں میں ادارے کے تاثر کو بہتر بنایا جائے گا تا کہ ٹیکس گزار بغیر کسی شک و شبہ کے اپنے ذمہ ٹیکس ادا کریں اور اس یقین کے ساتھ ادا کریں کہ ان کا ادا کیا گیا ٹیکس ملکی ترقی اور عوام کی فلاح پر خرچ ہو گا۔ ترجمان کے مطابق بدعنوانی اور بے ضابطگی کے خلاف کسی قسم کی شکایات کے لئے ایف بی آر میں انٹیگریٹی پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ قائم کیا گیا ہے اور کوئی بھی شکایت کنندہ ٹیلیفون کال، ای میل یا خط کے ذریعے کسی بھی ایف بی آر کے ملازم کے خلاف شکایت بھیج سکتا ہے جس کی تحقیقات اور جانچ پڑتال اعلی سطح کے افسران کریں گے۔ ترجمان نے کہاکہ ایف بی آر اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے حکومتی ریونیو میں اضافے کے لئے کوششیں جاری رکھے گا اور ادارے کے مقاصد کو ہر صورت حاصل کر نے کی کوشش کرے گا۔